فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے خواتین، مرد اساتذہ کیلئے ڈریس کوڈ جاری کردیا
- منگل 07 / ستمبر / 2021
- 6610
فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے خواتین اساتذہ سے کہا کہ وہ جینز اور ٹائٹس نہ پہنیں جبکہ مرد اساتذہ پر جینز اور ٹی شرٹ پہننے پر پابندی لگا دی ہے۔
فیصلہ کے مطابق تمام پرنسپلز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے تدریسی اور غیر تدریسی عملے کو ذاتی حفظان صحت بشمول بال کٹوانے، داڑھی تراشنے، ناخن کاٹنے اور پرفیوم کے استعمال، جیسے امور کو یقینی بنائیں۔
ایک مراسلے کے ذریعے ایف ڈی ای نے اسکولوں اور کالجز کے پرنسپلز کو ہدایت کی کہ وہ ڈریس کوڈ پر عملدرآمد اور عملے کی ذاتی حفظان صحت کو یقینی بنائیں۔ ڈائریکٹر اکیڈمیکس کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا کہ تمام اداروں کے سربراہان/سیکشن انچارج اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ عملے کا ہر رکن اپنی ظاہری وضع قطع اور ذاتی حفظان صحت کا خیال رکھے گا۔
مراسلے میں کہا گیا کہ گیٹ کیپرز تجویز کردہ یونیفارم میں ہونا چاہیے اور تمام معاون عملے کو بھی وردی فراہم کی جائے۔ ڈریس کوڈ کی وضاحت کرتے ہوئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام عملہ، اداروں کے احاطے اور سرکاری اجتماعات، تقریبات اور اجلاس کے دوران باقاعدہ ڈریس کوڈ کو یقینی بنائیں۔
مراسلے میں کہا گیا کہ تمام تدریسی عملہ کلاس میں پڑھاتے وقت ٹیچنگ گاؤن پہنے اور لیبارٹریوں میں لیب کوٹ پہنیں۔ غیر تدریسی عملہ صاف ستھرا اور استری شدہ کپڑے اور مناسب جوتے پہنے۔ خواتین کے لیے فارمل لباس تجویز کیا گیا ہے جس میں انہیں ’مناسب، سادہ اور مہذب شلوار قمیض، ٹراؤزر، دوپٹہ/شال والی قمیض، اسکارف/حجاب پہننے کی اجازت ہے۔
مراسلے میں خواتین تدریسی عملے کو کسی بھی صورت میں جینز اور ٹائٹس پہننے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پڑھانے کے دوران دیر تک کھڑے رہنے کی وجہ سے جوتے اور سینڈل جیسے آرام دہ جوتے بھی پہننے جا سکتے ہیں لیکن چپل پہننے کی بالکل اجازت نہیں ہوگی۔ سردیوں کے موسم میں کوٹ، بلیزر کے ساتھ سویٹر، جرسی، کارڈیگن اور مہذب رنگوں اور ڈیزائن کے شال لینے کی اجازت ہوگی۔
مراسلے میں مرد عملے کے لیے کہا گیا کہ وہ مناسب، سادہ اور مہذب شلوار قمیض کو ترجیح دیں، ڈریس شرٹ (مکمل آستین ترجیحی طور پر ٹائی کے ساتھ) اور پتلون (صرف ڈریس اور کاٹن پتلون) پہنیں جبکہ کسی بھی صورت میں جینز پہننے کی اجازت نہیں ہے۔
مراسلے کے مطابق گرمیوں کے دوران آدھی آستینوں والی ڈریس شرٹ یا بش شرٹ بھی پہنی جاسکتی۔ اور کسی قسم کی ٹی شرٹ کی اجازت نہیں ہے۔
جب ایف ڈی ای کے ڈائریکٹر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ مراسلہ ایک اچھی نیت سے جاری کیا گیا ہے۔ یہ اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ مناسب ڈریس کوڈ پر عمل کریں کیونکہ وہ طلبہ کے لیے رول ماڈل ہیں۔