ہلاکت کی افواہوں کے باوجود نائن الیون پر ایمن الظواہری کا ویڈیو پیغام
- اتوار 12 / ستمبر / 2021
- 5520
امریکہ میں نائن الیون کے واقعات کے 20 برس مکمل ہونے پر القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ امریکی فوج کے افغانستان سے انخلا، یروشلم اور رواں برس کے آغاز پر شام میں روسی افواج کو نشانہ بنانے کا تذکرہ کر رہے ہیں۔
یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ ویڈیو کب کی ہے اور یہ کہاں ریکارڈ کی گئی ہے۔ یہ ویڈیو ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند ماہ قبل یہ افواہیں زیرِ گردش تھیں کہ مصری نژاد ایمن الظواہری انتقال کر چکے ہیں۔ خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کی رپورٹ کے مطابق جہادی تنظیموں کی ویب سائٹس کی نگرانی کرنے والے ادارے 'سائٹ' انٹیلی جنس گروپ کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو ہفتے کو جاری کی گئی۔
البتہ 'سائٹ' کا دعویٰ ہے کہ ایمن الظواہری کی ویڈیو میں 20 سال بعد افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کا ذکر ہے۔ لیکن افغانستان کی تازہ ترین صورتِ حال کا تذکرہ نہیں ہے جس سے بظاہر اس ویڈیو کی حالیہ ریکارڈنگ کی نشاندہی نہیں ہوتی۔ کیوں کہ امریکی افواج کے انخلا کا فیصلہ بھی گزشتہ برس امریکہ اور طالبان کے درمیان دوحہ میں ہونے والے امن معاہدے میں ہوا تھا۔
اس ویڈیو میں ایمن الظواہری کہتے ہیں کہ ''یروشلم کبھی بھی یہودیوں کا نہیں ہو گا۔'' انہوں نے القاعدہ کے حملوں کی تعریف بھی کی جس میں جنوری میں شام میں روسی فوجیوں کو نشانہ بنانا بھی شامل تھا۔ سائٹ کی ڈائریکٹر ریٹا کیٹز نے ٹوئٹ کیا کہ ہو سکتا ہے کہ ایمن الظواہری انتقال کر گئے ہوں، اگر ایسا ہے تو یہ (ویڈیو) جنوری 2021 یا اس کے بعد کسی وقت کی ہو سکتی ہے۔
الظواہری سال 2011 میں اسامہ بن لادن کی پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں امریکی کارروائی میں ہلاکت کے بعد القاعدہ کے سربراہ بنے تھے۔ ایمن الظواہری کی ویڈیو کا دورانیہ 61 منٹ 37 سیکنڈ ہے اور اسے گروپ کے نشریاتی ادارے 'اسحاب' میڈیا کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 2020 کے اواخر سے یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ القاعدہ کے سربراہ علالت کے باعث انتقال کرگئے۔ اور ہفتے تک ان کی زندہ ہونے سے متعلق کوئی ویڈیو یا ثبوت سامنے نہیں آیا تھا۔