غیر سرکاری نتائج میں پی ٹی آئی کنٹونمنٹ انتخابات میں پہلے نمبر پر رہی
- سوموار 13 / ستمبر / 2021
- 4440
کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصافنے سب سے زیادہ نشستیں لی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) دوسرے نمبر پررہی۔
ان انتخابات میں پی ٹی آئی نے ملک بھر میں 58 نشستیں حاصل کیں جبکہ مسلم لیگ (ن) 51 نشستوں پر کامیاب رہی اور تیسرے نمبر پر آزاد امیدوار رہے جو 49 نشستوں پر کامیاب رہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی 14، ایم کیو ایم 10، جماعت اسلامی 5 اور بلوچستان عوامی پارٹی ایک نشست پر کامیابی حاصل کرسکی۔
ملک بھر کے 39 کنٹونمنٹ بورڈز میں 206 عام نشستوں پر پولنگ اتوار کے روز ہوئی تھی۔ اس دوران کوئی بڑی بد مزگی دیکھنے میں نہیں آئی۔ ملک میں 42 کنٹونمنٹس میں 219 وارڈز ہیں لیکن کامرہ، چیراٹ اور مری گلیات کے کنٹونمنٹس کے 9 وارڈز میں کوئی پولنگ نہیں ہوئی جہاں امیدوار یا تو بلا مقابلہ منتخب ہوگئے یا پولنگ ملتوی کردی گئی۔
مجموعی طور پر ایک ہزار 513 امیدواروں نے کنٹونمنٹ بورڈز کے 206 وارڈز میں عام نشستوں پر انتخابات میں حصہ لیا۔ پنجاب کی 19 کنٹونمنٹس کے 112 وارڈز میں 878 امیدوار، سندھ کے 8 کنٹونمنٹس کے 53 وارڈز میں 418، خیبرپختونخوا کی 9 کنٹونمنٹس کے 33 وارڈز میں 170 اور بلوچستان کی 3 کنٹونمنٹس کے 8 وارڈز میں 47 امیدواروں نے انتخابات میں حصہ لیا۔
صوبہ بلوچستان میں 2 وارڈز میں آزاد امیدواروں نے انتخابات میں کامیابی حاصل کی جبکہ بقیہ نشستوں پر پی ٹی آئی کامیاب رہی۔ سندھ سے غیر سرکاری نتائج کے مطابق حکمران جماعت پی ٹی آئی نے 42 میں سے 14 نشستیں حاصل کیں۔ پیپلز پارٹی 11 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ جماعت اسلامی 5 جبکہ ایم کیو ایم پاکستان اور مسلم لیگ (ن) تین، تین اور آزاد امیدوار 6 نشستوں پر کامیاب رہے۔
خیبرپختونخوا کے 8 کنٹونمنٹس کے 33 وارڈز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی 16 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی جس کے بعد آزاد امیدوار 8 نشستوں پر کامیاب رہے۔ مسلم لیگ (ن) نے اپنے گڑھ ہزارہ سے تمام 4 نشستیں حاصل کرلیں۔ پیپلز پارٹی 3 اور اے این پی 2 نشستوں پر کامیاب رہی۔
لاہور کنٹونمنٹ کے 19 وارڈز میں سے 15 میں مسلم لیگ (ن) کامیاب رہی۔ سیالکوٹ میں مسلم لیگ (ن) 3 جبکہ پی ٹی آئی 2 نشستوں پر کامیاب ہوئی، جہلم میں پی ٹی آئی نے 2 نشستیں حاصل کیں۔ گوجرانوالہ پی ٹی آئی نے 6 نشستیں جبکہ مسلم لیگ (ن) اور آزاد امیدواروں نے 2، 2 نشستیں حاصل کیں۔
سرگودھا میں آزاد امیدواروں نے 5 وارڈز میں، پی ٹی آئی نے 3 اور مسلم لیگ (ن) نے 2 میں کامیابی حاصل کی۔ ملتان کنٹونمنٹ میں آزاد امیدواروں نے 10 میں 9 نشستیں جیتیں جبکہ بقیہ ایک پر مسلم لیگ (ن) کامیاب رہی، بہاولپور کنٹونمنٹ میں مسلم لیگ (ن) 3 جبکہ پی ٹی آئی 2 نشستیں حاصل کرسکی۔
راولپنڈی کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق 19 میں سے 12 نشستیں حاصل کر کے مسلم لیگ (ن) کامیاب رہی جبکہ ایک وارڈ میں امیدوار کے انتقال کے باعث پولنگ نہیں ہوئی۔
ان نتائج پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ ایک مرتبہ پھر ثابت ہو گیا ہے کہ تحریک انصاف ملک کی واحد اکثریتی جماعت ہے۔ ٹوئٹ میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات سے ثابت ہو گیا کہ وزیراعظم عمران خان ہی واحد قومی رہنما ہیں، تحریک انصاف ہر صوبے میں پہلے یا دوسرے نمبر پر رہی۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو فون کیا اور کنٹونمنٹ انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی۔