رمیز راجا پی سی بی کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے
- سوموار 13 / ستمبر / 2021
- 5040
پاکستان کے سابق کپتان رمیز راجا پاکستان کرکٹ بورڈ کے بلامقابلہ نئے چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں۔
پی سی بی کے مطابق رمیز راجا کا انتخاب متفقہ طور پر اور بلامقابلہ کیا گیا۔ وہ کرکٹ بورڈ کے 36ویں چیئرمین ہیں جن کا انتخاب تین سال کے لیے کیا گیا ہے۔ بورڈ کے نئے چیئرمین کے انتخاب کے لیے بورڈ آف گورنرز کا خصوصی اجلاس نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں منعقد ہوا۔
پی سی بی کے الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت سعید نے انتخاب کرایا اور خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔ نومنتخب چیئرمین کی جانب سے آج پریس کانفرنس کا امکان ہے۔
چیئرمین منتخب ہونے کے بعد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رمیز راجا نے کہا کہ میں آپ سب کا مشکور ہوں کہ آپ نے مجھے پی سی بی کا چیئرمین منتخب کیا اور میں آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں تاکہ ہم پاکستان کرکٹ کو میدان کے اندر اور باہر دونوں مقامات پر مضبوط کریں اور پرواز چڑھائیں۔
انہوں نے کہا کہ میری پہلی ترجیح قومی کرکٹ ٹیم میں اس سوچ، ثقافت اور نظریے کو متعارف کروانا ہے جس نے کبھی پاکستان کو کرکٹ کی سب سے خطرناک ٹیم بنا دیا تھا۔ ہم سب کو قومی کرکٹ ٹیم کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے اور مطلوبہ ضروریات کو پورا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اسی برانڈ کی کرکٹ کھیلیں جس کی ان سے شائقین کرکٹ توقع کرتے ہیں۔
رمیز راجا، احسان مانی کی جگہ لیں گے جن کی گزشتہ ماہ تین سالہ مدت پوری ہوگئی تھی۔ رمیز راجا اور اسد علی خان کو پی سی بی کے پیٹرن اِن چیف وزیر اعظم عمران خان نے نامزد کیا تھا۔
عمران خان جب اپوزیشن میں تھے تو وہ اس پالیسی کے مخالف تھے کہ پی سی بی چیئرمین کے لیے وزیر اعظم نامزدگی کرے۔ تاہم بطور وزیر اعظم انہوں نے احسان مانی کو نامزد کیا اور اس مرتبہ بھی اسی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے رمیز راجا اور اسد علی خان کی نامزدگیاں کیں۔