اقوام متحدہ کی ایلچی کی طالبان حکومت کے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی سے ملاقات
- جمعرات 16 / ستمبر / 2021
- 3670
اقوام متحدہ کی ایلچی نے افغانستان کے نئے وزیر داخلہ سے ملاقات کی ہے جو کئی برس سے دنیا کے انتہائی مطلوب عسکریت پسندوں میں سے شامل تھے۔ اب وہ ایک ایسی حکومت کا حصہ ہیں جو انسانی بحران سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے۔
’رائٹرز‘ کے مطابق طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ افغانستان میں اقوام متحدہ کے مشن کی سربراہ ڈیبورا لیونز اور سراج الدین حقانی کے درمیان ہونے والی ملاقات انسانی امداد پر مرکوز رہی۔ ملاقات میں سراج الدین حقانی نے زور دیا کہ اقوام متحدہ کے اہلکار بغیر کسی رکاوٹ کے اپنا کام انجام دے سکتے ہیں اور افغان عوام کو اہم امداد پہنچا سکتے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری کے ساتھ مشترکہ تعلقات پر زور دیا۔
خیال ہے کہ افغانستان کو پہلے ہی غربت اور خشک سالی کا سامنا ہے۔ گزشتہ ماہ کے وسط سے طالبان کی حکومت سنبھالنے کے بعد سے امداد کی فراہمی میں رکاوٹ، حکومت اور امدادی کارکنوں سمیت ہزاروں افراد کی دیگر ممالک کی جانب روانگی اور بہت سی معاشی سرگرمیوں کے خاتمے کے ساتھ حالات خراب ہو چکے ہیں۔
اس سے قبل اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے رواں ہفتے ایک بین الاقوامی امدادی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ افغانیوں کو ’شاید ان کی سب سے خطرناک گھڑی‘ کا سامنا ہے۔
جنیوا میں ایک ڈونر کانفرنس میں افغانستان کے لیے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی امداد کا وعدہ کرنے کے پر طالبان نے عالمی برادری کا شکریہ ادا کیا۔ اقوام متحدہ کے چیف نے کہا تھا کہ موجودہ وقت میں طالبان کے ساتھ بات چیت کرنا بہت ضروری ہے