نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ ہوگیا
- جمعہ 17 / ستمبر / 2021
- 6220
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے ساتھ ون ڈے انٹرنیشن سیریز کا پہلا میچ شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل سیکیورٹی خدشات کے باعث دورہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے آگاہ کیا ہے کہ انہیں سیکورٹی کے حوالے سے الرٹ کیا گیا ہے اس لیے یکطرفہ طور پر سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومت پاکستان نے مہمان ٹیم کی سیکورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کررکھے تھے۔ ہم نے نیوزی کرکٹ بورڈ کو بھی یہی یقین دہانی کرائی تھی اور وزیر اعظم نے ذاتی طور پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو رابطہ کرکے انہیں بتایا کہ ہماری سیکورٹی انٹیلیجنس دنیا کی ایک بہترین ایجنسی ہے اور مہمان ٹیم کو کوئی سیکورٹی کا خطرہ نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کے آفیشلز نے حکومت پاکستان کی سیکورٹی پر اطمینان کا اظہار بھی کیا تھا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 18 سال بعد تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے کے لیے 11 ستمبر کو پاکستان آئی تھی۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلی جانی تھی۔ میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو شیڈول تھے۔ اس کے علاوہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ نے 25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک شیڈول پانچ ٹی 20 میچز بھی کھیلنے تھے۔