آئیندہ انتخابات میں جھرلو نہیں چلے گا: شہباز شریف

  • ہفتہ 18 / ستمبر / 2021
  • 5410

مسلم لیگ (ن) کے صدرشہباز شریف نے کہا ہے کہ اگلا الیکشن مسلم لیگ (ن) کا ہوگا۔شفاف انتخابات کرانا ہوں گے، اس بار جھرلو نہیں چلے گا۔

 سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ کہتے تھے ڈالر ایک روپیہ مہنگا ہو جائے تو وزیراعظم چور ہے۔ ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 170 تک پہنچ گیا، اب چور کون ہے ؟ اس کرپٹ حکومت کے خلاف ہمیں جنگ لڑنی ہو گی۔ جادو ٹونا کی بات کروں تو اعتراض کیا جاتا ہے۔

 شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کنٹونمنٹ بورڈز الیکشن میں کامیابی معمولی معرکہ نہیں، کنٹونمنٹ بورڈز وہ علاقے ہیں جہاں پی ٹی آئی نے جنم لیا تھا۔ اسی جنم بھومی میں پی ٹی آئی کی سیاسی موت ہوگئی۔  پورے پنجاب میں تحریک انصاف کو مسترد کر دیا، سوا تین برس میں مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔  عوام کا حکومت سے دل بھر گیا ہے۔

قبل ازیں لیگی رہنما خواجہ آصف نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات ایک فیصلہ کن سروے ہے۔ اگر الیکشن شفاف ہوں گے تو نواز شریف کے سپاہی کراچی سے پشاور تک جیتیں گے۔ پاکستانی عوام نے مسلم لیگ ن کو ووٹ ڈال کر ن لیگ کی کارکردگی کی شہادت دی ہے، مسلم لیگ ن نے سیالکوٹ کیلئے ترقیاتی کام کئے، نواز شریف نے سیالکوٹ کو موٹروے دینے کا وعدہ کیا تھا جو وفا کیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں، حکومت کے ہر جھوٹے مقدمے نے ہمارے حوصلے کو بلند کیا۔مسلم لیگ ن نے وفاق اور صوبے میں خدمت کا معیار قائم کیا، یہ جتنا مرضی جھوٹ بول لیں، عوام کے دلوں سے ن لیگ کو نہیں نکال سکتے۔