ارجنٹائین پاکستان سے 12 لڑاکا طیارے خریدے گا
- اتوار 19 / ستمبر / 2021
- 6100
ارجنٹائین نے پاکستان سے 12 جے ایف-17 اے بلاک تھری لڑاکا طیارے خریدنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
یہ اطلاعات اس وقت سامنے آئیں جب ارجنٹائین کی حکومت نے پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے سال 2022 کے بجٹ میں اس مقصد کے لیے 66 کروڑ 40 لاکھ ڈالر مختص کرنے کی تجویز دی۔ فنڈ مختص کرنے کی تجویز کا مطلب یہ نہیں کہ سودا طے پاگیا ہے کیوں کہ فروخت کے معاہدے پر ابھی دستخط ہونے باقی ہیں۔
تاہم یہ ظاہر کرتا ہے کہ ارجنٹائین نے جے ایف-17 طیاروں کو زیر غور متعدد آپشنز پر فوقیت دی ہے۔ ارجنٹائین اس خریداری پر گزشتہ سال سے غور کر رہا ہے۔ برطانیہ نے دیگر ذرائع سے طیارے خریدنے کی سابقہ کوششوں کو روک دیا تھا۔
بیونس ایئرز 2015 سے سویڈن اور جنوبی کوریا سے لڑاکا طیارے خریدنے کی کوشش کررہا تھا لیکن دونوں فروخت کنندگان برطانوی دباؤ کی وجہ سے پیچھے ہٹ گئے۔ ارجنٹائین نے 2015 میں سویڈش جے اے ایس 39 گرپن لڑاکا طیارے حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔ بعد میں اس نے جنوبی کوریا کے ایف اے-50 فائٹنگ ایگل میں دلچسپی دکھائی۔
جے ایف-17 جیٹ طیاروں میں برطانیہ کی تیار کردہ ایجیکٹر سیٹ بھی ارجنٹائین کو طیاروں کی فروخت تنازع بنی ہوئی ہے۔ خیال رہے کہ ارجنٹائین کی فضائیہ 2015 میں نمایاں طور پر ختم ہو گئی تھی۔ اس وقت ڈاسالٹ میراج 3 انٹرسیپٹر طیارے کے پرانے بیڑے کو ریٹائر کیا گیا تھا۔ اس وقت تک فضائیہ کی بنیادی قوت تھا۔
جے ایف 17 تھنڈر ایک جدید، وزن میں ہلکا، تمام موسموں، دن و رات میں کام کرنے والا ملٹی رول لڑاکا طیارہ ہے جو پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس (پی اے سی) کامرہ اور چین کی چینگدو ایئر کرافٹ انڈسٹری کارپوریشن کے مشترکہ منصوبے کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔
پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کا دعویٰ ہے کہ یہ طیارہ فضا سے فضا اور فضا سے زمین تک مار کرنے کی جنگی صلاحیتوں کا حامل ہے۔ جدید ترین ہوا بازی، بہترین مربوط ذیلی نظام، کمپیوٹرائزڈ فلائٹ کنٹرول اور جدید ترین ہتھیاروں کو استعمال کرنے کی صلاحیت جے ایف-17 کو اس سطح کے متبادل طیاروں پر فیصلہ کن فائدہ فراہم کرتی ہے۔