بھارت پورے خطے کے لیے خطرہ بن چکا ہے: معید یوسف
- بدھ 22 / ستمبر / 2021
- 4900
وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ بھارت پورے خطے کے لیے ایک خطرہ بن چکا ہے اور دنیا جتنی جلدی آنکھیں کھول لے گی اسے اس کا اندازہ ہو جائے گا۔
اسلام آباد میں پاکستان فیوچر ڈائریکشن کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے معید یوسف نے کہا کہ قومی سلامتی کا بنیادی مقصد پاکستانیوں کو زندگی گزارنے کے وسائل اور ذرائع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ خود کو محفوظ محسوس کریں۔ یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم، ملک کو ریاستِ مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں۔
ہماری تمام قیادت جیو پولیٹیکل سے جیو اکنامک منظرنامے کی جانب منتقلی کی بات کرتی ہے جو دراصل ہماری سوچ میں تبدیلی کی عکاسی کرتی ہے کیونکہ 70 سال تک ہم یہ کہتے رہے کہ ہمارا جغرافیائی محل وقوع ہمارا سب سے اہم اسٹریٹجک اثاثہ ہے۔ ماضی میں اسی محل وقوع کی وجہ سے ہم عالمی جنگوں اور پراکسی جنگوں کا مرکز رہے ہیں۔ گزشتہ 40 سال سے افغانستان اس کی سب سے بہترین مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم یہ سوچ رہے ہیں کہ ہم اپنے اس جغرافیائی محل وقوع کو جیوپولیٹیکل سے جیو اکنامک محل وقوع کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں جس کے تین ستون ہیں جس میں پہلا کنیکٹیویٹی ہے، ہم جس جگہ بیٹھے ہیں وہاں سے ہم جنوب، شمال، مغربی دنیا اور مشرق سے خود کو مربوط رکھ سکتے ہیں۔ پھر ہم اپنے اس محل وقوع کو استعمال کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ نے وسط ایشیا کی جانب ہماری تیزی سے منتقلی کے عمل کا مشاہدہ کیا ہو گا۔ وزیر اعظم نے اس خطے میں تین سے چار اہم دورے بھی کیے ہیں کیونکہ وسط ایشیا گرم پانیوں سے ہوتا ہوا افغانستان کے ذریعے ہم سے منسلک ہوتا ہے جو وسط ایشیا کے لیے معاشی لحاظ سے سب سے مؤثر راستہ ہے۔
اسی طرح سی پیک بھی اہمیت کا حامل ہے اور اس کا مقصد چین کو ان کی عالمی تجارت کے لیے ہمارے گرم پانیوں سے منسلک کرنا ہے اور پاکستان ٹرانزٹ کا علاقہ بن گیا ہے۔ سی پیک کے حوالے سے کافی باتیں کی گئیں لیکن اس کا مقصد زیادہ سے زیادہ انفرا اسٹرکچر بنانا، توانائی کا حصول اور پاکستان سے ٹرانزٹ بنانا ہے۔ معید یوسف نے کہا کہ ہم اس رابطے کو مغرب تک بھی توسیع دے سکتے ہیں لیکن بھارتی حکومت کے رویے اور صورتحال کے باعث یہ راستہ بند ہو گیا ہے۔ بھارتی حکومت کی ہندوتوا سوچ کے باعث بات چیت کی گنجائش بہت کم رہ جاتی ہے لیکن یہ راستہ بھی آگے جا کر کبھی نہ کبھی کھل جائے گا۔
دوسرا اہم ستون دنیا سے شراکت داریاں قائم کرنا ہے لیکن اس کا مطلب امداد نہیں ہے بلکہ اہم چیز یہ ہے کہ ہم ایکسپورٹ، تجارت، سرمایہ کاری، ایف بی آئی اور دیگر اہم چیزوں میں کس طرح سے پارٹنر شپ کر سکتے ہیں۔ ان سب کے لیے ہمیں ملک میں بھی کافی کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ دنیا میں جہاں کہیں بھی کم مزاحمت ہو گی، وہاں سرمایہ کار آئے گا اور ہمیں کوشش کرنی ہے کہ ہم اس پہلو میں بہتری لا سکیں۔
مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ ابتدائی دونوں پہلو اس وقت تک ممکن نہیں ہو سکتے جب تک ہم تیسرے ستون پر کام نہیں کرتے اور وہ اندرونی اور علاقائی امن و سلامتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ریاست کی رٹ قائم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر کوششیں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے انسداد کے لیے 2007 سے اب تک پاکستان کی کاوشیں اور قربانیاں سب کے سامنے ہیں اور علاقائی طور پر افغانستان سب سے بہترین مثال ہے۔ حتیٰ کہ بھارت کی بھی مثال ہے کیونکہ ہم نے ان سے بات کرنے کی کوشش کی تھی کہ ہم کس طرح سے تعلقات میں پیشرفت کر سکتے ہیں لیکن بھارت میں جو کچھ ہو رہا ہے اور وہ جس راہ پر گامزن ہیں وہ بہت مایوس کن ہے۔
مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ دنیا جتنی جلدی آنکھیں کھول لے گی انہیں اتنی ہی جلدی اس بات کا اندازہ ہو جائے گا کہ بھارت جس طرح سے اپنے تمام پڑوسی ممالک سے برتاؤ کررہا ہے تو وہ اب صحیح معنوں میں پورے خطے کے لیے ایک خطرہ بن چکا ہے۔ افغانستان اب اس تمام صورتحال کا مرکز ہے کیونکہ جب تک افغانستان میں استحکام نہیں ہو گا تو آپ ایک مربوط راہداری کیسے بنا سکیں گے جو وسط ایشیا کو ہمارے گرم پانیوں سے منسلک کر سکے لہٰذا افغانستان بہت اہمیت کا حامل ہے۔