نیوزی لینڈ کو بھارتی ذرائع سے جعلی ای میل بھیجی گئیں: فواد چوہدری
- بدھ 22 / ستمبر / 2021
- 4610
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ ہونے کے ’پس پردہ حقائق‘ کا انکشاف کیا ہے اور بھارت کو اس کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں موجود نیوزی لینڈ کی ٹیم کو جعلی ای میل کے ذریعے حملے کی دھمکی دی گئی۔ یہ ای میل بھارت میں وی پی این استعمال کرکے آر ایم ایکس 1971 ڈیوائس سے بھیجی گئی تھی اور اس کی لوکیشن سنگاپور ظاہر ہورہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ انٹرل پول سے معاونت طلب کرنے کے بعد ہمیں جو تفصیلات موصول ہوئیں اس کے مطابق جعلی ای میل ایڈریس حمزہ آفریدی کے نام سے بنایا گیا اور اس کے 13 منٹ بعد دھمکی آمیز ای میل نیوزی لینڈ کی ٹیم کو بھیجی گئی۔ آر ایم ایکس 1971 ڈیوائس سے مجموعی طورپر 13 ای میل ایڈریس جنریٹ کیے گئے لیکن ان میں صرف ایک کا نام ’حمزہ آفریدی‘ رکھا گیا تاکہ پاکستان سے اس کا تعلق ظاہر کیا جاسکے۔
فواد چوہدری نے بتایا کہ یہ ڈیوائس اگست 2019 میں بھارت میں متعارف کرائی گئی، 25 ستمبر 2019 میں موبائل سم رجسٹرڈ ہوئی تھی۔ ڈیوائس بھارتی شہری اوم پرکاش مشرا کے نام پر تھی جو مہاراشٹر سے تعلق رکھتا ہے اور اسی ڈیوائس پر جعلی آئی ڈی بنائی گئی جسے ’حمزہ آفریدی‘ کا نام دیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ملک میں ہمیں ہائبرڈ وار اور ففتھ جنریشن وار کا سامنا ہے۔ کرکٹ سیریز کی منسوخی کے معاملے پر انٹر پول سے معاملے میں معاونت طلب کی ہیں۔ جب نیوزی لینڈ کی ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ ہورہا تھا تب ایس سی او کا اجلاس جاری تھا اور وزیراعظم کی تقریب سے 15 منٹ پہلے ہمیں اطلاع ملی لیکن مشاورت کے بعد فیصلہ کیا کہ وزیر اعظم کو فوری آگاہ نہیں کیا جائے تاکہ وہ پریشان نہ ہوں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کے جعلی نام سے 19 اگست 2021 کو فیس بک پوسٹ سامنے آتی ہے جس میں نیوزی لینڈ اور اس کی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ دورہ پاکستان منسوخ کردے کیونکہ ٹیم پر حملے کا منصوبہ ہے۔ اس کے بعد 21 اگست 2021 کو بھارتی ویب سائٹ سنڈے گارڈین ابھی نندن مشرا کے بیورو چیف نے ایک آرٹیکل شائع کیا نیوزی لینڈ ٹیم پاکستان میں دہشت گردی کا شکار ہوسکتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ابھی نندن مشرا کے افغانستان کے سابق نائب صدر امراللہ صالح سے بہت قریبی تعلقات ہیں اور امر اللہ صالح پاکستان مخالف ہونے کے حوالے سے مشہور ہیں۔ اس کے چند دن بعد نیوزی لینڈ کے کھلاڑی مارٹن گپٹل کی اہلیہ کو ایک ای میل موصول ہوتی ہے کہ جس میں اطلاع دی جاتی ہے کہ مارٹن گپٹل کو دورہ پاکستان میں قتل کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ جس ای میل ایڈریس سے مارٹن گپٹل کی اہلیہ کو ای میل کی گئی وہ کسی بھی سوشل میڈیا نیٹ ورک سے منسلک نہیں تھی۔ یہ ای میل ایڈریس 24 تاریخ رات 5 بجے بنایا گیا اور 11 بجے ان کی اہلیہ کو ای میل کی گئی۔ اس ای میل سے اب تک صرف ایک ہی ای میل کی گئی جو مارٹن گپٹل کی اہلیہ کو کی گئی تھی۔ دراصل ای سی پروٹون سرور سے کی گئی جس کی تفصیلات عام حالات میں دستیاب نہیں ہوتیں اس لیے ہم نے انٹرپول سے اس ای میل سے متعلق معلومات طلب کیں ۔
اس صورتحال کے باوجود نیوزی لینڈ ٹیم نے اپنا دورہ منسوخ نہیں کیا کیونکہ دونوں ممالک کی ایجنسیوں نے دھمکی پر مبنی ای میل کو جعلی قرار دے دیا تھا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان پہنچی اور انہیں غیر معمولی سیکیورٹی فراہم کی گئی اور انہوں 13 تاریخ کو پہلی پریکٹس کی۔
17 تاریخ کو جس دن میچ ہونا تھا، صبح کے وقت نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اپنی حکومت کا حوالہ دے کر کہا کہ سیکیورٹی خدشات ہیں اس لیے دورہ منسوخ کررہے ہیں۔ متعلقہ حکام نے کیویز ٹیم سے سیکیورٹی خدشات شیئر کرنے کا بھی کہا لیکن وہ اس بارے میں اتنے ہی نابلد تھے جتنے ہم تھے کیونکہ سیکیورٹی خدشات یہاں نہیں تھے۔
اس دوران ہم نے وزیر اعظم کو نیوزی لینڈ کے دورے سے متعلق آگاہ کیا اور ہماری درخواست پر عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم سے بات کی جس میں جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ ’اہم معلومات‘ موصول ہوئی ہیں اور کھلاڑیوں کی حفاظت سب سے اہم ہے۔
جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم دسمبر میں پاکستان آرہی ہے اور ابھی سے انہیں دھمکی آمیز ای میل مل چکی ہے اور جس ای میل سے انہیں دھمکی دی گئی تو احسان اللہ احسان کے نام پر جنریٹ کیا گیا ای امیل ایڈریس ہے۔ لیکن اس مرتبہ اس کے نام کے اسپیلنگ مختلف ہیں۔ یہ مایوس کن صورتحال ہے کیونکہ بھارت نے پاکستان کو بدنام کرنے کی مہم نہیں بلکہ انٹرنیشنل کرکٹ کو داغ دار کرنے کی سازش ہے۔
فواد چوہدری نے کہاکہ آئی سی سی سمیت متعلقہ عالمی اداروں کو لازمی نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے جنوی جنوبی افریقہ سے کہا اگر انہیں کسی بھی قسم کی دھمکی یا سیکیورٹی خدشات ہیں تو براہ راست ہم سے شیئر کریں۔
نیوزی لینڈ سے سفارتی تعلقات ختم کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ نیوزی لینڈ موجودہ حقائق سامنے آنے کے بعد ایک مؤقف اختیار کرے گا جبکہ برطانوی سفیر از خود کہہ چکے ہیں کہ ٹریول ایڈوائزری میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی جبکہ انگلشن بورڈ اعتراض کرنے کا مجاز نہیں ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے نیوزی لینڈ اور برطانوی کرکٹ ٹیم کے دورہِ پاکستان منسوخ ہونے کے حوالے سے کہا ہے کہ مایوسی کفر ہے۔ ایک وقت آئے گا جب دنیا بھر کی ٹیمیں پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایسا تاثر دے رہا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ختم ہوگئی ہے، وہ میڈیا کے ذریعے جعلی خبریں پھیلا رہا ہے اور بہت جلد منہ کی کھائے گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں یہ پیغام لے کر آیا ہوں کہ ہم زندہ قوم ہیں اور تنہا نہیں کیے جا سکتے، ہمیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، آنے والے دن پاکستان کے ہیں اور وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو مزید ترقی دینے کے لیے کوشاں رہیں گے۔
واضح رہے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا تھا کہ نیوزی لینڈ کی حکومت نے دورہ پاکستان انٹیلیجنس گروپ 'فائیو آئیز' کی جانب سے ان کی ٹیم کو براہ راست خطرے کا الرٹ موصول ہونے پر ختم کیا تھا۔
فائیو آئیز انٹیلی جنس اتحاد ہے جس میں آسٹریلیا، کینیڈا، نیوزی لینڈ، امریکا اور برطانیہ شامل ہیں۔