چینی میگا پراپرٹی کمپنی دیوالیہ کے قریب
چین کے پراپرٹی سیکٹر میں دوسری بڑی کمپنی ایورگرینڈ، بینکوں اور فنانس کمپنیوں سے لئے ہوئے قرض کی رقم اپنے مقررہ وقت پر سود سمیت واپس نہ کرنے پر دیوالیہ ہونے کے قریب ہے
بدھ 22 ستمبر کو ایورگرینڈ کمپنی نے بینکوں، فنانس کمپنیوں کو یقینی دہانی کرائی ہے کہ ایورگرینڈ معاہدے کے مطابق 40 ملین ڈالر کی قسط اسی ہفتے ان کو ادا کر دے گی - یہ خبر آتے ہی دنیا کے حصص کاروبار میں قدرے بہتری آنا شروع ہوگئی- ایورگرینڈ کمپنی کا وقت پر قرض کی اقساط ادا نہ کرنے کی خبروں نے پچھلے ہفتے دنیا کی اسٹاک مارکیٹ کو مندی کے رحجان میں مبتلا کردیا -ایورگرینڈ پر313 ارب ڈالر کا قرض ہے۔
چین کے حکومت نے اگر اگلے چند دنوں میں ایورگرینڈ کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے حکومتی فنڈز نہ مہیا کئے تو اس سے چین کی مجموعی معشیت پر بہت برے اثرات مرتب ہوں گے - خاص طور پر ملک کا فنانس سیکٹر، پراپرٹی سیکٹر، انرجی سیکٹر اور کنسٹرکشن سیکٹر بھی خسارے سے دوچار ہوں گے - ایورگرینڈ کے دیوالیہ ہونے کی صورت میں دنیا کی بڑی تجارتی، پیدواری کمپنیوں کے معاشی حالات بھی خراب ہوجائیں گے –
معاشی ماہرین کے مطابق ایورگرینڈ کی دیوالیہ ہونے کی بڑی وجہ کمپنی کے فیصلہ سازوں کی قرض کی سرمایہ کاری ہے۔ جس سے کمپنی نے بے تحاشا بڑی ہاؤسنگ سوساٹیز کے پروجیکٹس شروع کردیے- جبکہ دوسری طرف چینی حکومت نے بینکنگ سیکٹر کو مارکیٹ میں ادھار دینے کے قوانین میں سختی کردی – اس طرح عوام اور عام صارف کو بینکوں سے قرض لینے میں مشکلات کا سامنا رہا- اس سے ایورگرینڈ کے بنے مکانات فروخت ہونے دشوار ہوگئے – ان حالات میں ایورگرینڈ قرض کی ادائیگیاں بروقت کرنے میں ناکام رہی۔
15 لاکھ چینیوں نے اپنا گھر حاصل کرنے کے لیے ایورگرینڈ میں ایڈوانس میں رقم جمع کروا رکھی ہے لیکن کمپنی کی معاشی بد حالی نے ان کے خوابوں پر پانی پھیر دیا ہے- یوں ان 15 لاکھ ملازم پیشہ افراد اور چھوٹے تاجروں کو نہ بنے بنائے مکان ملے اور نہ کمپنی کو ایڈ وانس میں دی ہوئی رقم کی واپس ہوئی- ان 15 لاکھ گاہکوں میں سے متعدد نے کمپنی ایورگرینڈ کے ہیڈ آفس کے باہر دھرنے اور مظاہرے شروع کردیے- چینی حکومت ان مظاہروں پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے۔
ایورگرینڈ نے چین کے 280 شہروں میں لگ بھگ 1300 کے قریب بڑی ہاؤسنگ سوساٹیز کے پروجیکٹس شروع کر رکھے ہیں -
ایورگرینڈ پراپرٹی کاروبار کے علاوہ دوسرے کاروبار بھی کررہی ہے جن میں صحت کی خدمات، گاڑیاں ، ٹیلی ویژن سازی علاوہ کھیلوں کا انفراسٹرکچر بنانا شامل ہے - ایورگرینڈ کے 2 لاکھ ملازمین ہیں- جبکہ 40 لاکھ افراد کمپنی کو مختلف قسم کی خدمات دینے اور اشیا فروخت کرنے کے کام سے وابستہ ہیں-
چین کی سالانہ مجموعی قومی پیداوار میں ایورگرینڈ کا حصہ 2 % ہے - ایورگرینڈ کی بنیاد چین کے جنوب میں واقع شہر گنگ ذو میں 1996 میں رکھی گئی تھی-