ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز پر حملہ، چار اہل کار جاں بحق
- اتوار 26 / ستمبر / 2021
- 4110
بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر بم حملے میں چار اہل کار جاں بحق جب کہ ایک افسر سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔
فورسز پر حملے کا یہ واقعہ کوئٹہ شہر سے تقریباً 135 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ضلع ہرنائی کی تحصل شاہرگ کے قریب پیش آیا۔ ہرنائی لیویز اہل کار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ایف سی 139 ونگ کی پیٹرولنگ پارٹی ہفتے کی صبح معمول کے گشت پر تھی کہ شاہرگ میں کھوسٹ کے علاقے کے قریب اسے نشانہ بنایا گیا۔
لیویز کے مطابق دہشت گردوں نے کھوسٹ کے علاقے میں سڑک کنارے ریموٹ کنٹرول بم نصب کر رکھا تھا۔ جیسے ہی ایف سی گاڑی قریب پہنچی تو زوردار دھماکہ ہوا۔ اس واقعے میں ہلاک ہونے والوں میں سپاہی حسین رحمت، محمد سلیم، مجاہد فرید اور سپاہی ذاکر شامل ہیں جب کہ کیپٹن اویس اور لیفٹننٹ لقمان زخمی ہو گئے ہیں۔ جنہیں بنیادی طبی امداد کی فراہمی کے بعد کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد شاہرگ، کھوسٹ اور ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ بلوچستان میں اگست سے اب تک سیکیورٹی فورسز پر مختلف حملوں میں 12 اہل کار جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
رواں سال اگست میں بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں زرغون روڈ پر پولیس وین کے قریب موٹر سائیکل بم دھماکے میں کم از کم دو پولیس اہل کار ہلاک جب کہ 21 افراد زخمی ہوئے۔