12سال اور اس سے زائد عمر کے بچوں کی ویکسینیشن کا فیصلہ

  • منگل 28 / ستمبر / 2021
  • 3580

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس کے میں 12 سال اور زائد عمر کے بچوں کی ویکسی نیشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ بچوں کو ویکسین لگوانے میں آسانی کے لیے اسکولوں میں ویکسینیشن کی خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ این سی او سی کے اعدادوشمار کے مطابق ملک میں 27 ستمبر کو کووڈ 19 کی 9 لاکھ 61 ہزار 340 ویکسین لگائی گئیں۔ اب تک پاکستان نے 7 کروڑ 95 لاکھ 31 ہزار 641 خوراکیں دی ہیں۔

این سی او سی نے عوام کو فوری طور پر ویکسین لگوانے پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ یکم اکتوبر سے ویکسین نہ لگوانے والے افراد کو مختلف پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ حکومت نے یکم ستمبر سے 17 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو ویکسین لگانے کی منظوری دی تھی۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ تھا کہ 17 سال سے زائد عمر کے نوجوانوں کو تعلیمی اداروں میں داخل ہونے کے لیے 15 اکتوبر تک مکمل ویکسین لگوانی ہوگی۔ رواں ماہ کے آغآز میں این سی او سی نے 18 سال سے کم عمر کے شہریوں کے لیے کورونا ویکسینیشن گائیڈ لائنز پر نظر ثانی کی تھی اور کہا تھا کہ انہیں فائزر ویکسین لگائی جائے گی۔

این سی او سی کے بیان میں کہا گیا تھا کہ 18 سال سے کم عمر افراد کو نیشنل ایمیونائزیشن مینجمنٹ سسٹم میں رجسٹریشن کے لیے اپنا بے فارم نمبر فراہم کرنا ہوگا۔