پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے استعفیٰ دے دیا
- بدھ 29 / ستمبر / 2021
- 3550
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ کرکٹ بورڈ نے بھی اس کی تصدیق کر دی ہے۔
پی سی بی کے نئے سربراہ رمیز راجا کی نامزدگی کے بعد پاکستان کرکٹ سے اپنی ذمہ دارایوں کی سبکدوشی کا یہ تیسرا معاملہ ہے۔ اس سے قبل رمیز راجا کے عہدہ سنبھالنے سے قبل ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بالنگ کوچ وقار یونس نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
وسیم خان 2019 میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے وابستہ ہوئے تھے اور انہیں تین برس کے لیے چیف ایگزیکٹو کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔ مقامی میڈیا میں نشر ہونے والی خبروں کے مطابق وسیم خان نے اختیارات میں کمی کی وجہ سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔ البتہ ان خبروں کی مصدقہ ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
یاد رہے کہ وسیم خان انگلینڈ میں واروکشائر، سسیکس اور ڈربی شائر کی طرف سے کاؤنٹی کرکٹ کھیل چکے ہیں اور انہیں انگلینڈ میں کھیلوں کے بورڈ کا حصہ رہنے کا وسیع تجربہ ہے۔ وسیم خان انگلینڈ کے کرکٹ بورڈ میں اینٹی کرپشن اور سیکیورٹی یونٹ سے بھی وابستہ رہے ہیں۔ 2014 میں وہ لیسٹر شائر کے چیف ایگزیکٹو بھی تعینات ہوئے تھے۔