مخالفین سیاسی طور سے مقابلہ کریں: مریم نواز

  • بدھ 29 / ستمبر / 2021
  • 5630

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ میں اور نوازشریف سیاست کے لئے کافی ہیں، جس نے مجھ سے لڑنا ہے وہ سیاسی طور پر لڑے۔ 

ماڈل ٹاون پارٹی سیکرٹریٹ لاہور میں صحافیوں سے غیررسمی بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ  ملک میں ایسا نظام ہونا چاہئے جس میں انصاف ملے، ایسا نظام نہ ہو کہ تین بار کے وزیراعظم کو جیل میں ڈال دیا جائے، چئیرمین نیب توسیع کے بارے میں ہمارا آئین تو نہیں کہتا کہ توسیع ہو۔

مریم نواز نے کہا کہ سابق گورنر سندھ محمد زبیر میرے ترجمان ہیں اور رہیں گے۔ ان کو اور ان کی اہلیہ کو ویڈیو سکینڈل سے پہلے کئی بار دھمکیاں دی گئیں، میرے پاس سازش کی ویڈیو ہے۔  مجھے ابھی تک کوئی دھمکی نہیں دی گئی، پہلے دھمکیاں ملی تھیں تو نوازشریف نے ان کا بھر پور جواب دے دیا تھا۔ میں اور نوازشریف سیاست کے لئے کافی ہیں، جس نے مجھ سے لڑنا ہے وہ سیاسی طور پر لڑے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ میں تو چاہتی ہوں نوازشریف دسمبر سے پہلے آ جائیں، وہ بھی پاکستان آنے کےلئے بے تاب ہیں، لیکن کچھ  لوگ نوازشریف کی زبان بند کرنا چاہتے ہیں۔

اس دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو دن رات خواب میں نظر آتا ہوں، ان کا بس چلے تو ابھی مجھے جیل بھجوادیں۔شہباز شریف نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے برطانیہ میں منی لانڈرنگ تحقیقات میں اپنی بریت کے ثبوت پیش کیے۔ انہوں نے کہا کہ تین روزسےحکومتی صفوں میں کہرام مچاہواہے، میری صفائی میں حکومت برطانیہ نے خود بیان دیا کہ کوئی کرپشن نہیں کی۔ برطانیہ کی تحقیقاتی ایجنسی کی رپورٹ نے تمام الزامات رد کیے، برطانوی عدالت کا فیصلہ پاکستان میں سپریم کورٹ، ہائی کورٹ، مقننہ اور ملک کے تمام قانونی اداروں کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سوا تین سال سےمیرےاورمیرے خاندان کےساتھ طوفان بدتمیزی جاری ہے۔عمران خان کے کسی الزامات کا کچھ نہیں بنا، چیئرمین نیب کو ملتان میٹروکیس میں کچھ نہ ملا، 2006کےزلزلے کےسامان میں کرپشن کا الزام لگایاگیا، اس میں بھی کچھ نہ ہوا۔ ڈیلی میل پرلگائےالزامات پر مس فائرہوا، لاہور ہائی کورٹ نے میرےبارے میں فیصلہ دیا کہ کرپشن،کک بیکس کچھ بھی نہ ملا

شہباز شریف نے کہا کہ ہمارےخاندان کےخلاف قوم کو ورغلایاجارہاہے، سب جھوٹ کا پلندہ چلایاجارہاہے۔ مریم نواز،حمزہ اور میں نے جیلیں کاٹیں، پارٹی کے کئی لوگوں کو جیل بھجوایا ، کیا نکلا؟ عمران خان کا بس چلےتوابھی جیل بھجوادے، عمران خان کو دن رات خواب میں میں ہی نظرآتا ہوں، رات کو خواب میں ہڑبڑاکراٹھ جاتےہیں کہ تم پھر آگئے میرے پاس، دن میں دفتر میں کوئی ان سے ملنے جائے تو ذکر ہی میرا ہوتا ہے، میرے ذکر کے بغٖیر ان کی بات ہی مکمل نہیں ہوتی۔

شہباز شریف نے برطانوی انکوائری کی دستاویزات میں اپنا نام دکھاتے ہوئے مزید کہا کہ مرزا شہزاد اکبر کی زیر سربراہی ایسیٹ ریکوری یونٹ سے برطانوی ایجنسی این سی اے کو خط ملا جس میں میرے خلاف انکوائری کا کہا گیا۔ حکومت کہہ رہی ہے کہ برطانیہ سے منی لانڈرنگ میں سلمان شہباز بری ہوگیا لیکن شہباز شریف نہیں ہوئے، عجیب بات ہےمیرابیٹابری ہوگیامیں نہیں ہوا۔ میری بدنامی کے ساتھ ساتھ ملک کی کتنی بدنامی کی، میرےساتھ ملکی ساکھ بھی متاثر ہوئی، وقت آنے والا ہے، انہیں جواب دیناپڑےگا۔