چینی طیاروں کی تائیوان کی فضا میں پرواز
- اتوار 03 / اکتوبر / 2021
- 4190
تائیوان کی وزارتِ دفاع کے مطابق چین کے 39 طیاروں تائیوان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔ الزام لگایا گیا ہے کہ طیارے دو گروپس میں داخل ہوئے۔ ایک گروپ دن اور دوسرا رات کے اوقات میں داخل ہوا۔
اس سے قبل جمعے کو چین کے 38 طیاروں نے تائیوان کے جنوبی علاقے میں پرواز کی تھی۔ واضح رہے کہ بیجنگ کا دعویٰ ہے کہ اس کے مشرقی ساحل پر واقع تائیوان چین کا علاقہ ہے۔ 1949 میں خانہ جنگی کے دوران یہ علاقے دو حصوں میں علیحدہ ہو گئے تھے۔ اس وقت کمیونسٹ پارٹی نے چین پر کنٹرول سنبھال لیا تھا جب کہ تائیوان میں قومیت پسندوں نے حکومت قائم کی تھی۔
واضح رہے کہ جمعے کو کمیونسٹ پارٹی نے اپنے اقتدار کی 72 ویں سالگرہ بھی منائی تھی۔ دوسری جانب تائیوان کے پریمیئر سو سینگ چانگ نے کہا ہے کہ چین نے ہمیشہ ہی سفاکانہ اور جابرانہ اقدامات کے ذریعے علاقائی امن کو خطرے میں ڈالا ہے۔
تائیوان کےخبر رساں ادارے 'سینٹرل نیوز ایجنسی' نے ایک رپورٹ میں کہا کہ اگرچہ چین ایک سال سے زائد عرصے سے تائیوان میں اپنے فوجی طیاروں کی پرواز کر رہا ہے لیکن ہفتے کو بھیجے گئے طیاروں کی تعداد ایک روز میں سب سے زیادہ تھی۔
تائیوان کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ ہفتے کو دن کے اوقات میں بیس جب کہ رات میں 19 چینی طیارے تائیوان کی فضا میں داخل ہوئے۔