اترپردیش میں احتجاج کے دوران دو کسانوں سمیت پانچ افراد ہلاک
- اتوار 03 / اکتوبر / 2021
- 4070
انڈیا کی ریاست اتر پردیش کے شہر لکھیم پور میں کسانوں کے احتجاج میں دو کسانوں سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
لکھیم پور کھیری کے ضلعی مجسٹریٹ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دو افراد ایک کار کے نیچے آ کر کچلے گئے اور تین افراد کی ہلاکت گاڑی الٹنے سے ہوئی۔
واضح رہے کہ اتر پردیش کے نائب وزیراعلیٰ کیشو پرساد موریہ لکھیم پور کھیری میں کچھ سرکاری منصوبوں کا افتتاح کرنے والے تھے، جس کے بعد انہیں وزیر مملکت برائے داخلہ اجے کمار مشرا کے آبائی گاؤں میں ایک پروگرام میں شرکت کرنا تھی۔ اس موقع پر کسان یہاں جمع ہو کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرانا چاہتے تھے۔ اس دوران تکونیا قصبے میں بی جے پی کے حامیوں کی گاڑی سے کچھ کسان زخمی ہوئے، جس کے بعد مشتعل کسانوں نے ایک کار کو آگ لگا دی۔
صورتحال کشیدہ ہو گئی اور نائب وزیراعلیٰ پروگرام درمیان میں روک دیا گیا۔ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر اس جگہ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب بھارتیہ کسان یونین نے الزام لگایا ہے کہ تین کسانوں کو وزیر مملکت داخلہ کے بیٹے کی گاڑی نے روند دیا۔
کسان رہنما ڈاکٹر درشن پال نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اترپردیش کے نائب وزیر اعلیٰ کو ہیلی کاپٹر پر جانے سے روکنے کے لیے تکونیا میں ہیلی پیڈ کو گھیرے میں لے لیا گیا تھا۔ ’اسی وقت تین انتہائی تیز رفتار گاڑیاں آئیں جن میں اجے مشرا، ان کے بیٹے اور بھائی سوار تھے۔ ان گاڑیوں کی زد میں آنے والا ایک کسان موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ دوسرے کی ہلاکت ہسپتال میں ہو ئی۔‘
ڈاکٹر درشن پال نے کہا کہ ان کے رہنما تاجندر ورک کو بھی شدید چوٹیں آئیں ہیں۔ اس واقعے پر رد عمل دیتے ہوئے اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے بی جے پی پر ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کرنے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ وزیر مملکت برائے داخلہ کے بیٹے کی طرف سے زرعی قوانین کی پراُمن طریقے سے مخالفت کرنے والے کسانوں پر شب خون مارنا، بی جے پی حکومت کا ایک بہت ہی غیر انسانی اور ظالمانہ اقدام ہے۔
کانگریس رہنما راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی نے بھی اس واقعے پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ پرینکا گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ بی جے پی ملک کے کسانوں سے کتنی نفرت کرتی ہے۔ کیا انہیں جینے کا حق نہیں؟ اگر وہ آواز اٹھائیں گے تو کیا آپ انہیں گولی مار دیں گے، انہیں گاڑی سے روندیں گے؟ یہ کسانوں کا ملک ہے۔ بی جے پی کے ظالمانہ نظریے کا نہیں۔
کانگریس رہنما راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ وہ اس قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔