بلوچستان میں 5 اعشاریہ نو شدت کا زلزلہ؛ 20 افراد ہلاک، 200 سے زیادہ زخمی
- جمعرات 07 / اکتوبر / 2021
- 4440
پاکستان کے صوبے بلوچستان کے ضلع ہرنائی سمیت کئی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جب کہ مکانات گرنے کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے رپورٹ کیا کہ زلزلہ کوۂ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ نو ریکارڈ کی گئی جب کہ اس کا مرکز ہرنائی صوبے سے 14 کلو میٹر دور تھا اس کی گہرائی 20 کلو میٹر تھی۔
مقامی افراد کے مطابق زلزلہ جمعرات کی علی الصباح تین بجے محسوس کیا گیا جس کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ صوبائی صدر مقام کوئٹہ اور قلعہ سیف اللہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
بلوچستان کے وزیرِ داخلہ ضیا لانگو نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سب سے زیادہ اموات ہرنائی میں ہوئی ہیں جہاں سے شدید زخمیوں کی کوئٹہ منتقلی کا عمل جاری ہے۔ ضیا لانگو کے مطابق ہنگامی حالات سے نمٹنے کے ذمے دار ادارے نے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے اور اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ 'آئی ایس پی آر' کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ہرنائی کے علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔ زلزلہ متاثرین کے لیے خوراک اور کیمپوں کا انتظام بھی کیا جارہا ہے۔ فوج کے ڈاکٹرز اور طبی عملہ ضروری طبی امداد کی فراہمی میں مقامی انتظامیہ کی مدد کر رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نو شدید زخمیوں کو فوج کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔ امدادی سرگرمیوں میں مدد فراہم کرنے کے لیے راولپنڈی سے بھی امدادی ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔
پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے ہرنائی زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُنہوں نے متاثرین کی ہنگامی امداد اور تباہی کا ابتدائی تخمینہ لگانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔