نیب کا سیاہ آرڈیننس پارلیمنٹ ہی نہیں عدلیہ پر بھی حملہ ہے، شہبازشریف
- جمعہ 08 / اکتوبر / 2021
- 4250
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ نیب آرڈیننس پارلیمنٹ ہی نہیں عدلیہ پر بھی حملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آرڈیننس ملک میں رہی سہی جمہوریت کا گلا گھونٹ کر شخصی حکمرانی قائم کرنے کی طرف قدم ہے۔ ایک بیان میں شہبازشریف کا کہنا تھا کہ 225 ارب کے مزید ٹیکس ملک میں معاشی تباہی، بے روزگاری اور مہنگائی کا قیامت خیز زلزلہ ثابت ہوں گے۔ کپاس ساڑھے پندرہ ہزار فی 40 کلو کی بلند ترین سطح پر ہے، برآمد کنندگان اور ملرز پہلے ہی پریشان بیٹھے ہیں۔پالیسی ریٹ بڑھا کر حکومت پہلے ہے اپنے بجٹ پر یوٹرن لے چکی ہے۔
مہنگائی کا سورج غریبوں کا حلق خشک کر چکا ہے، ریلیف کے بجائے عوام کو ہر روز ایک نئی تکلیف میں مبتلا کیا جا رہا ہے۔ آئی ایم ایف کی عاقبت نااندیشانہ شرائط ماننے والے حکمران قوم کو خودکشی پر مجبور کر رہے ہیں۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آرڈیننس کے ذریعے بڑی قانونی ترامیم پارلیمنٹ پر عدم اعتماد اور غیر آئینی و غیر جمہوری رویہ ہے۔ یہ پارلیمنٹ ہی نہیں عدلیہ پر بھی حملہ ہے۔ حکومت خود کو بچا کر اداروں کی آئینی آزادی چھیننا چاہتی ہے۔ نیب کے پہلے سے متنازعہ قانون میں آرڈیننس کے ذریعے 18 بڑی ترامیم حکومت کا جوابدہی سے فرار ہے۔متحدہ اپوزیشن تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے حکومتی اقدامات روکے گی۔