وزیراعظم کا آئندہ انتخابات میں الیکٹرونک ووٹنگ مشینیں استعمال کرنے پر اصرار

  • جمعہ 08 / اکتوبر / 2021
  • 3620

وزیر اعظم عمران خان نے اس عزم ظاہر کیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات 2023 میں کسی بھی قیمت پر رائے شماری الیکٹرانک ووٹنگ مشینز کے ذریعے ہی کی جائے گی۔

وزیراعظم کے زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ہونے والے اگلے عام انتخابات میں بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنا ووٹ ضرور دیں گے۔

نجی ذرائع نے روزنامہ ڈان کو وزیراعظم کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 'آئندہ عام انتخابات کسی بھی قیمت پر ای وی ایم کے ذریعے ہی کیے جائیں گے اور غیر ملکی پاکستانیوں کو تیار رہنا چاہیے کیونکہ وہ اگلے انتخابات میں اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے'۔

اجلاس کے دوران وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ رواں سال قوم پورے ہفتے عید میلادالنبی ﷺ کا جشن منائے گی۔ اجلاس میں افغانستان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے ان حکمت عملیوں پر غور کیا گیا جو موجودہ حالات سے نمٹنے کے لیے اپنائی جاسکتی ہیں۔

ملک میں مہنگائی کے بارے میں وزیر اعظم کا خیال تھا کہ دیگر ممالک کے مقابلے ملک میں افراط زر اب بھی کم ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے حلقوں میں ووٹرز کو بین الاقوامی منڈی میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں سے آگاہ کریں۔