ووٹر لسٹوں میں بے ضابطگیوں کا انکشاف، درستی کے لئے اقدمات کا فیصلہ
- ہفتہ 09 / اکتوبر / 2021
- 3080
ووٹر لسٹوں میں بے ضابطگیوں کے انکشاف کے بعد الیکشن کمیشن نے ووٹر لسٹوں کی درستی کیلئے ڈور ٹو ڈور تصدیقی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے ملکی ووٹر لسٹوں میں گڑبڑ کا نوٹس لیا ہے۔ تصدیقی مہم مارچ 2022 تک جاری رہے گی۔ ووٹر لسٹوں میں گڑ بڑ پر ڈائریکٹر ایم آئی ایس کو معطل کر کے ان کے خلاف باضابطہ انکوائری بھی شروع کر دی گئی۔
گڑبڑ کے انکشافات پر قائم کی گئی کمیٹی نے اپنی سفارشات الیکشن کمیشن کو دے دی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے کمیٹی کی سفارش پر پوری ووٹرز فہرستوں کو دوبارہ مرتب کیا جا رہا ہے۔ پہلے مرحلے میں تمام صوبائی الیکشن کمشنرز سے ڈیٹا کلیکٹرز ڈسپلے سنٹرز کی تعداد مانگ لی گئی۔ دوسرے مرحلے میں تصدیقی مہم کے لئے سٹاف کی تربیت کی جائے گی۔ تیسرے مرحلے میں ڈور ٹو ڈور تصدیقی مہم ہوگی۔
مہم میں 11 کروڑ سے زائد ووٹرز کا ان کی مرضی سے اندراج ہوگا۔ ڈیٹا فیڈنگ کے بعد ڈسپلے سنٹرز پر ابتدائی فہرستیں رکھی جائیں گی۔ ووٹرز کو درستی، اندراج اور اعتراضات کا وقت دیا جائے گا۔ آخری مرحلے میں اعتراضات پر فیصلے کر کے حتمی ووٹرز لسٹیں جاری کی جائیں گی۔ عام انتخابات 2023 کے لئے نئی مرتب شدہ ووٹرز لسٹیں استعمال ہوں گی۔ تصدیقی مہم مکمل ہونے تک موجودہ ووٹرز لسٹیں برقرار رہیں گی۔