مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی کارروائی سے 5 کشمیری جاں بحق
- منگل 12 / اکتوبر / 2021
- 4250
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران مزید 5 نوجوانوں کو قتل کردیا ہے جس کے بعد 24 گھنٹے کے دوران جاں بحق ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔
کشمیر میڈیا کے مطابق بھارتی فورسز نے ضلع شوپیاں میں کشمیری نوجوانوں کو قتل کیا۔ بھارتی فورسز نے ضلع شوپیاں کے علاقے تلران میں ریاستی دہشت گردی کی کارروائی میں 3 نوجوانوں کو قتل کردیا۔ فوجیوں نے اسی ضلع کے فیری پورہ کے علاقے میں آپریشن کے دوران مزید 2 نوجوانوں کو فائرنگ کے جاں بحق کیا۔
پولیس نے بتایا کہ فوجیوں نے ضلع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں گزشتہ شام شروع کی تھیں۔ علاقے میں آپریشن جاری ہے اور ماحول انتہائی کشیدہ ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی کارروائی میں مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔ کشمیر میڈیا نے بتایا تھا کہ فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع بانڈی پور کے علاقے شاہ گنڈ اور ضلع اسلام آباد کے علاقے کھاگنڈ میں محاصرے اور تلاشی کی دو الگ، الگ کارروائیوں کے دوران قتل کیا۔
گزشتہ روز ہی مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں ہونے والے حملے میں جونیئر کمیشنڈ افسر سمیت 5 بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔