نیب نے مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے درخواست دائر کردی

  • منگل 12 / اکتوبر / 2021
  • 3440

قومی احتساب بیورو نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست دائر کی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ کے سامنے کل 13 اکتوبر سے ایون فیلڈ ریفرنس اپیلوں پر سماعت متوقع ہے۔ نیب کی درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ مریم نواز نے ضمانت کی رعایت کا غلط استعمال کیا ہے اس لیے ان کی ضمانت منسوخ کی جائے۔

نیب نے کہا کہ احتساب عدالت نے مریم نواز کو 7 سال قید اور 20 لاکھ پاؤنڈ (30 کروڑ روپے سے زائد) جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ مریم نواز کو کوئی بھی عوامی عہدہ رکھنے کے لیے نااہل قرار دیا گیا تھا۔ 6 جولائی 2018 کو سنائی گئی سزا کے خلاف اپیل تاحال زیر التوا ہے۔

نیب حکام کی جانب سے عدالت کو بذریعہ پٹیشن بتایا گیا کہ اپیل پر گزشتہ 8 سماعتوں میں 5 مرتبہ اپیل کنندگان کی جانب سے التوا مانگا گیا اس لیے 19 ستمبر 2018 کی سزا معطل کر کے ضمانت دینے کا فیصلہ کالعدم کیا جائے۔ نیب نے الزام لگایا کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر عدالت میں ہر پیشی کو سیاسی تھیٹر بنا دیتی ہیں اور ان کی وجہ سے کارکنوں اور حامیوں سے کمرہ عدالت بھی بھر جاتا ہے۔

مریم نواز کمرہ عدالت کو پریس کلب میں تبدیل کر دیتی ہیں اور کمرہ عدالت میں رپورٹر اور وی لاگرز کو انٹرویو دیتی ہیں۔ نیب حکام نے عدالت کو بتایا کہ پیشی کے بعد مریم نواز باقاعدہ پریس کانفرنس بھی کرتی ہیں اور اعلیٰ افسران اور نیب کے خلاف اشتعال انگیز بیانات دیتی ہیں۔

خیال رہے کہ 6 جولائی 2018 کو شریف خاندان کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے دائر ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو 10 سال، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 7 سال جبکہ داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی۔