ہم ایک پیج پر ہیں، معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو جائے گا: وزیر اعظم

  • منگل 12 / اکتوبر / 2021
  • 4270

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں انٹر سروسز انٹیلی جنس کے نئے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کے تقرر سے متعلق نوٹی فکیشن میں تاخیر پر پیدا ہونے والے ابہام کو مسترد کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کو اعتماد میں لیا اور کہا معاملے کو غلط رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ حکومتی ذرائع نے بتایا کہ عمران خان نے واضح کیا کہ ’ہم ایک پیج پر ہیں اور معاملہ خوش اسلوبی سے جلد حل ہوجائے گا‘۔

خیال رہےکہ وفاقی دارالحکومت ان دنوں وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے میں آنے والے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کے تقرر کا نوٹی فکیشن جاری کرنے میں تاخیر کے باعث شدید قیاس آرائیوں کی لپیٹ میں ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سول ملٹری تعلقات کے حوالے سے قیاس آرائیوں پر گفتگو ہوئی جس میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اہم عہدوں پر تعیناتی کے حوالے سے کوئی اختلاف نہیں ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ آئی ایس آئی کے نئے ڈائریکٹر جنرل کے تقرر سے معتلق نوٹی فکیشن پر قیاس آرائیوں پر توجہ نہ دی جائے۔ گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کے دوران اس سوال پر جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ فواد چوہدری کو ہی سول ملٹری معاملات پر بات کرنے کا اختیار ہے۔ آئی ایس آئی کے نئے ڈی جی کے تقرر کے معاملے کے علاوہ کابینہ اجلاس میں رحمت اللعالمینﷺ اتھارٹی کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔

آئی ایس آئی کے نئے ڈائریکٹر جنرل کے تقرر کا نوٹی فکیشن جاری ہونے میں تاخیر کے باعث پیدا ہونے والا ابہام جلد دور ہونے کا امکان ہے۔ وزیر اعظم کے دفتر سے  ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کے تقرر کا نوٹی فکیشن جاری ہونے میں تاخیر کے باعث شدید قیاس آرائیاں ہورہی ہیں۔  حکومت اس معاملے پر اب تک خاموشی تھی۔

تاہم ذرائع نے کہا کہ اعلیٰ قیادت مل کر بیٹھے گی اور فیصلہ کرے گی تاکہ معاملے کے حوالے سے پائی جانے والی غیر یقینی کی صورتحال کو ختم کیا جاسکے۔ اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ کیا اختلافات کم ہوگئے ہیں اور حتمی فیصلہ کیا ہوگا۔