عمران خان اور فوج کا تنازعہ جمہوری مسئلہ نہیں: مریم نواز

  • بدھ 13 / اکتوبر / 2021
  • 4380

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ کہ آج آپ کو ووٹ کو عزت دو یاد آگیا ہے۔ عمران خان آئین کو روند کر آئے ہیں، سازش کرنا عمران خان کی پہچان ہے۔ ن لیگ کی جدوجہد عمران خان جیسے شخص کے خلاف ہے۔  عمران خان ، نواز شریف بننے کی کوشش بھی نہ کریں، شیر کی کھال پہننے سے کوئی شیر نہیں بن جاتا۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ اداروں اور جمہوریت کا مسئلہ نہیں بلکہ عمران خان کی جانب سے اپنی حکومت کو چند دن مزید طوالت دینے کا مسئلہ ہے۔ ملک میں سول بالادستی اور جمہوریت کے متعلق ایک سوال میں انہوں نے کہا کہ آج وزیر اعظم عمران خان کو آئینی حق اور ووٹ کو عزت دو یاد آ گیا ہے۔

اپنی ضمانت منسوخ کرنے کے بارے میں  نیب کی درخواست پر تبصرہ کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا  کہ درخواست کو پڑھ کر لگا جیسے بچے ڈر رہے ہیں۔ درخواست دینے والا اتنا سپر انٹیلی جنٹ کون ہے۔ نیب نے میری ضمانت منسوخی کی درخواست دی ہے، اس درخواست گزار کا چہرہ قوم کو دکھایا جائے۔ میں نیب میں اپنے اس ہمدرد کو دیکھنا چاہتی ہوں، درخواست دینے والے کو 21 نہیں 22 توپوں کی سلامی دینی چاہیئے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ گرفتاری سے ڈرتی ہوں نہ نیب سے، مجھے گرفتاری سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ڈرانے والے بھول میں ہیں، عمران خان آئینی وزیراعظم ہیں نہ منتخب، وہ سلیکٹڈ ہیں۔ عمران خان کے پاس عوام کا مینڈیٹ نہیں ہے، عمران خان وزیراعظم کی کرسی پر قابض ہیں۔ عمران خان جادو ٹونہ کے ذریعے ملک کو چلا رہے ہیں، جنتر منتر سے پٹرول اور آٹا سستا کیوں نہیں کرتے ؟ کیا آپ نے قوم کو بیوقوف سمجھ رکھا ہے؟۔