پاکستان نے بھارتی وزیر داخلہ کا بیان مسترد کردیا
- جمعرات 14 / اکتوبر / 2021
- 3220
دفترخارجہ کے ترجمان نے بھارت کے وزیر داخلہ امیت شاہ کے پاکستان کے خلاف سرجیکل اسٹرائیکس کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز قرار دے دیا۔
ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار نے ایک بیان میں کہا کہ جھوٹے بیانات بی جے پی آر ایس ایس کی خطے میں صرف کشیدگی کو ہوا دینے کی مزید کوشش ہے جو ان کے لیے پاکستان سے دشمنی کی بنیاد پر نظریاتی اور سیاسی دونوں حوالوں سے فائدے کی بات ہے۔
قبل ازیں بھارت کے وزیر داخلہ امیت شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان نے اگر مداخلت کی تو بھارت مزید سرجیکل اسٹرائیکس کرے گا جبکہ مذاکرات کا وقت گزر گیا ہے اور اب جواب دینے کا وقت ہے۔ ہندوستان ٹائمزکے مطابق بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ ایک وقت جب بھارت کی سرحد حملوں کی زد میں ہوتی تھی تو مذاکرات کیے جاتے تھے لیکن اب نئی دہلی دہشت گردوں کے حملوں کا منہ توڑ جواب دے گا۔
امیت شاہ 2016 میں بھارت کی جانب سے مبینہ سرجیکل اسٹرائیکس کے دعووں کا حوالہ دے رہے تھے جبکہ پاکستان نے ان دعووں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا۔ انڈیا ٹوڈےکے مطابق امیت شاہ نے گووا کے دھربندورا میں ایک یونیورسٹی کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتےہوئے کہا کہ سرجیکل اسٹرائیکس نے ثابت کردیا تھا کہ ہم حملوں کو برداشت نہیں کریں گے، اگر آپ نے مداخلت کی تو مزید ہوں گی۔
یاد رہے کہ 2016 میں آزاد جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی دوسری جانب سے بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کے دو اہلکار شہید ہوئے تھے۔ بھارتی عہدیداروں نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی کے ساتھ سرجیکل اسٹرائیکس کی تھیں جبکہ پاک فوج نے ان دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
بعد ازاں 26 فروری 2019 کو بھارت نے پاکستان کے خلاف اسی طرح کی ایک کارروائی کی کوشش کی تھی لیکن اس کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا اور پاک فضائیہ نے بھارت کے دو طیارے مار گرائے تھے۔