پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے سے زائد اضافہ
- ہفتہ 16 / اکتوبر / 2021
- 2990
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے فی لیٹر تک اضافہ کر دیا ہے۔ وزارت خزانہ نے بتایا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 85 ڈالر فی بیرل تک پہنچنے کی وجہ سے یہ اضافہ ضروری تھا۔
سرکاری اعلان کے مطابق اگلے 16 روز کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے 49 پیسے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 12 روپے 44 پیسے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد اب پیٹرول 137 روپے 79 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 134 روپے 48 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے ساتھ ساتھ مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 95 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل قیمت میں 8 روپے 84 پیسے فی لیٹر کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد مٹی کا تیل 110 روپے 26 پیسے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل آئل 108 روپے 35 پیسے فی لیٹر ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سمری میں حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 9 روپے تک اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ ذرائع نے کہا تھا کہ اوگرا کو قیمتوں کے حوالے سے اس کی تجاویز خفیہ رکھنے کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے کیوں کہ قیمتوں میں اضافے کے لیے حکومت کو اس کے حساب سے آگے بڑھنا پڑ سکتا ہے تاکہ پیٹرولیم لیوی کو کم کرنے کی وجہ سے ہوئے آمدنی کے نقصان کو بتدریج پورا کیا جا سکے۔
حکومت نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران کئی مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ رواں ماہ یکم اکتوبر کو بھی پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کی گئی تھیں۔ خزانہ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے کا اضافہ کیا گیا اور نئی قیمت 127 روپے 30 پیسے ہوگئی تھی۔
گزشتہ ماہ 15 ستمبر کو بھی پیٹرول کی قیمت میں 5 اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے سے زائد کا اضافہ کردیا گیا تھا۔