پاکستان جمہوری تحریک بدھ سے احتجاجی تحریک شروع کرے گی
- اتوار 17 / اکتوبر / 2021
- 4210
پی ڈی ایم نےمہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف 20 اکتوبر سے احتجاجی مظاہروں اور ملک گیر تحریک کا اعلان کیا ہے ۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تین سالوں میں 20 ہزار ارب کے قرضوں کا اضافہ کردیا گیا۔
حکومت عوام کے بجائے آئی ایم ایف کی ترجمانی کررہی ہے، موجودہ صورتحال پر سلیکٹر اور سلیکٹیڈ دونوں پر سوال آتا ہے۔ اسلام آباد میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے شاہد خاقان عباسی، محمود خان اچکزئی اوردیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے پیڑولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے سے زیادہ کا اضافہ کیا ہے، عام آ دمی کی چیخ وپکار آسمان تک پہنچ رہی ہے۔ عوام کی بری حالت ہے۔ انہوں نے اگلے دو ہفتوں کے لئے پورے ملک میں مظاہروں کا اعلان کیا اور کہا کہ بارہ ربیع الاول کے بعد ہر ضلعی سطح پر احتجاج کیا جائے گا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جیسے ہی احتجاج کا مرحلہ مکمل ہو گا پی ڈی ایم اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔ ملک میں بے روزگاری، مہنگائی کے خاتمے کے لیے پی ڈی ایم سربراہی کرے گی،۔ تین سال پہلے پاکستان کے کل قرضے کا حجم پچیس ہزار ارب تھ جو اب پنتالیس ہزار ارب ہو گیا ہے۔ ایسے نا اہل، جعلی اور کرپٹ حکمرانوں کو عوام پر حکمرانی کا کوئی حق نہیں۔
قبل ازیں قبل ازیں شہبازشریف اور مولانا فضل الرحمان نے قوم کو مسائل اور معاشی تباہی سے نجات دلانے کیلئے سڑکوں پر آنے پر اتفاق کیا۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں ملک مہنگائی کے خلاف ملک گیر تحریک چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔
شہبازشریف نے ملک میں بدترین مہنگائی کے خلاف بھرپور تحریک چلانے کے فیصلے کی توثیق کی جبکہ قائدین نے ملک کی دیگر اپوزیشن جماعتوں کو بھی ساتھ ملانے کا فیصلہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ملک بھر میں احتجاج، احتجاجی ریلیاں اور مارچ کرنے کی بات پر اتفاق کیا کہ قوم کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی سے نجات دلانے کے لئے گھروں سے نکلنا ہوگا۔