روس کی میزبانی میں افغان کانفرنس، طالبان کے علاوہ پاکستان شریک ہوگا

  • سوموار 18 / اکتوبر / 2021
  • 4930

افغانستان کی تازہ ترین صورتِ حال پر مشاورت کے لیے منگل کو روس کی میزبانی میں ماسکو کانفرنس  منعقد ہوگی۔ افغان طالبان کا وفد بھی کانفرنس میں  شرکت کرے گا۔

پاکستان کی نمائندگی افغانستان میں پاکستان کے خصوصی نمائندے محمد صادق کریں گے۔ ماہرین افغانستان کی تیزی سے بگڑتی ہوئی معاشی صورتِ حال اور دہشت گردی کے واقعات میں حالیہ اضافے کے تناظر میں اس کانفرنس کو اہم قرار دے رہے ہیں۔

ادھر بھارت نے بھی افغانستان کے معاملے پر آئندہ ماہ افغان کانفرنس بلانے کا اعلان کیا ہے جس میں پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک کے قومی سلامتی مشیروں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ البتہ پاکستان نے تاحال قومی سلامتی کے مشیر کی نئی دہلی کی کانفرنس میں شرکت کی تصدیق نہیں کی۔

ماسکو کانفرنس کے حوالے سے روس نے تصدیق کی ہے کہ یہ کانفرنس منگل کو ہو گی جس میں شریک تمام ممالک افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتِ حال پر مشترکہ حکمتِ عملی کی کوشش کریں گے۔ طالبان حکومت کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے ایک ٹوئٹ میں ماسکو کانفرنس میں شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ طالبان حکومت کے نائب وزیرِ اعظم عبدالسلام حنفی اس اجلاس میں وفد کی قیادت کریں گے۔

ماسکو مذاکرات میں چین اور پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت اور ایران کے وفود بھی شریک ہوں گے۔ محمد صادق 19 اکتوبر کو چین، روس اور امریکہ کے ساتھ ٹرائکا پلس میٹنگ اور 20 اکتوبر کو ماسکو فارمیٹ مشاورت میں وفد کی قیادت کریں گے۔

پندرہ اگست کو طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد روس پہلی بار افغانستان کے بارے میں دو اجلاسوں کی میزبانی کر رہا ہے۔ ماسکو نے اس سے قبل مارچ میں افغانستان کے بارے میں ایک بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کی تھی۔