پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کی پاکستان میں داخلے کی کوشش ناکام بنادی

  • منگل 19 / اکتوبر / 2021
  • 3670

پاک بحریہ نے ایک مرتبہ پھر بھارتی آبدوز کی پاکستانی پانیوں میں داخلے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک بحریہ نے مسلسل نگرانی اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے باعث 16 اکتوبر کو ایک مرتبہ پھر بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا اور اسے پاکستان کی سمندری حدود میں داخل ہونے سے روکا۔ سیکیورٹی خدشات کے باعث پاک بحریہ مسلسل پاکستانی سمندری حدود کی نگرانی کر رہی ہے۔

یہ اپنی نوعیت کا تیسرا واقعہ ہے جس میں بھارتی نیوی کی آبدوز کا بروقت سراغ لگایا گیا اور اسے پی این لانگ رینج پیٹرول ایئر کرافٹ سے بروقت ہدف بنا کر اسے روک دیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آبدوز کا سراغ لگانا بھارتی نیوی کے انتہائی کمزور، مخدوش میکنزم کا عکاس ہے اور پاک بحریہ کے مادر وطن کے تحفظ کے عزم مصمم کو ظاہر کرتا ہے۔

واضح رہے کہ 5 نومبر 2019 کو پاک بحریہ نے پاکستان کی سمندری حدود میں بھارتی آبدوز کے داخلے کی کوشش کو ناکام بنا دیا تھا۔ ترجمان پاک بحریہ کا بیان میں کہنا تھا کہ بھارت کو فضائی محاذ کے بعد سمندری محاذ پر بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اس سے قبل 18 نومبر 2016 کو پاک بحریہ نے پاکستانی سمندری علاقے میں بھارتی آبدوز کی موجودگی کا سراغ لگا کر اسے اپنی سمندری حدود میں داخل ہونے سے روک دیا تھا۔ خیال رہے کہ پاکستان کی سمندری حدود 12 ناٹیکل میل تک ہیں جبکہ اس کا خصوصی معاشی زون (ای ای زیڈ) 2015 میں بڑھ کر 2 لاکھ 90 ہزار مربع کلومیٹر ہوگیا تھا۔