الیکشن سے پہلے اپوزیشن کوئی دنگا فساد نہ کرے: شیخ رشید
- بدھ 20 / اکتوبر / 2021
- 4110
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ الیکشن سے پہلے اپوزیشن کوئی دنگا فساد کرے گی تو اپنے لیے سیاسی گڑھا کھودے گی۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ یہ ایک ڈیڑھ مہینے میں الیکشن تک بات لے جانا چاہتے ہیں لیکن آئین اور قانون کی پاسداری کی جائے گی۔ اگر وہ آئین اور قانون کو ہاتھ میں نہیں لیں گے تو ان کو کوئی ہاتھ نہیں لگائے گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ 20 سے 22 ماہ بعد جب الیکشن آئے گا تو ایک نیا ماحول ہوگا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کیا کرے گے۔ امریکی ناظم الامور کو بھی معلوم ہے کہ ن اور ش 2 مسلم لیگ ہیں جو میں کہتا تھا وہ امریکی ناظم الامور کو بھی پتا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ امریکی ناظم الامور ایک ہی محلے میں 2 الگ مسلم لیگ سے ملی ہیں اور الیکشن تک تیسری لیگ بھی وجود میں آجائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی جو ملاقاتیں ہورہی ہیں تو ہوتی رہیں اس کی باتیں بھی سامنے آنی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ بالآخر اس ملک کو الیکشن کی طرف جانا ہے اور الیکشن سے پہلے یہ کوئی دنگا فساد کریں گے تو اپنے لیے سیاسی گڑھا کھودیں گے، انشا اللہ عمران خان کی حکومت 5 سال پورے کرے گی۔
ڈالر کی قیمت میں اضافے پر شیخ رشید نے کہا کہ 5 کمپنیوں کی تحقیقات اور 50 سے زائد افراد سے تفتیش جاری ہے۔ افغانستان میں کل پاکستان کی کوئی بہتر نمائندگی موجود ہوگی تو کوشش ہے کہ ڈالر کی نقل و حمل کو روکا جائے اور اس کی قدر کو بہتر سطح پر رکھا جائے۔