ہنگو میں فوج کی پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ، ایک سپاہی شہید

  • بدھ 20 / اکتوبر / 2021
  • 4990

خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے تھل میں فوجی پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک سپاہی شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  کے مطابق ضلع ہنگو کے علاقے تھل میں رات گئے دہشت گردوں نے فوج کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی جس پر اہلکاروں نے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر جواب دیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 26 سالہ سپاہی وقاص شہید ہوئے، جن کا تعلق مانسہرہ سے تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی دہشت گرد کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس کارروائی کی جارہی ہے۔ اس سے قبل 14 اکتوبر کو سیکیورٹی فورسز نے ضم شدہ ضلع شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اور اس دوران انتہائی مطلوب دہشت گرد عارف اللہ عرف داد اللہ ہلاک ہوگیا۔

واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں ملک میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ ماہ جنوبی وزیرستان کے علاقے عثمان منزہ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ اسی آپریشن میں 7 فوجی شہید ہوگئے تھے۔