مہنگائی کے خلاف ُی ڈی ایم نے احتجاج شروع کردیا
- جمعہ 22 / اکتوبر / 2021
- 3290
ملک میں مہنگائی کے خلاف پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے احتجاج شروع کردیا ہے۔ لاہور، قصور اور مری سمیت دیگر شہروں میں احتجاج کیا گیا۔
مسلم لیگ (ن) نے مہنگائی کے خلاف احتجاج کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ خانیوال اور سیالکوٹ میں کل احتجاج ہو گا۔ گوجرانوالہ، گجرات، ساہیوال اور ملتان میں 24 اکتوبر کو مظاہرے ہوں گے۔مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر راناثناءاللہ نے پنجاب میں مہنگائی کے خلاف عوامی احتجاجی مظاہروں کا شیڈول جاری کیا۔ ڈاکٹرز، لیبر اور تاجر سمیت تمام تنظیموں اور ونگز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ملتان میں 24 اکتوبر اتوار کو دوپہر 2 بجے چوک حسین آگاہی سے احتجاجی جلوس نکلے گا۔ سیالکوٹ میں ہفتے کے روز 3 بجے چوک علامہ اقبال میں مہنگائی کے خلاف احتجاج ہوگا۔ 23 اکتوبر کو سنگلا نوالہ چوک خانیوال میں احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔ گوجرانوالہ پریس کلب کے سامنے اتوار کو 3 بجے احتجاج ہوگا۔ گجرات میں اتوار کے روز پریس کلب کے سامنے احتجاج ہوگا۔ 24 اکتوبر چوک حسین آگاہی ملتان میں احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔
دوسری جانب قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے عوام سے مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے پارٹی کو جاری ہدایات میں کہا کہ مرکز، صوبے اور اضلاع میں پارٹی رہنما شہری و کارباری تنظیموں اور عوامی انجمنوں کے ساتھ اشتراک عمل کو یقینی بنائیں۔شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، معاشی تباہی کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں عوام بھرپور شرکت کر کے حکومت پر عدم اعتماد کریں۔ حکومت کو مزید وقت دینے کا مطلب عوام کی مزید تباہی، مزید مہنگائی، مزید بے روزگاری ہے۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ نے کہا ہے کہ عمران خان کہتے ہیں کہ گھبرانا نہیں، جبکہ پی ڈی ایم قوم کو کہتی ہے کہ اب گھبرانے کا وقت آ چکا ہے۔ ایک بیان حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ اگر آج بھی قوم نہیں گھبرائے گی تو مہنگائی کا سونامی قوم کو لے ڈوبے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم بڑھتی مہنگائی کے خلاف 22 کروڑ عوام کی آواز بن کر آج سے سڑکوں پر نکل رہی ہے۔ پی ڈی ایم ذات اور اقتدار کی نہیں بلکہ غربت، بے روزگاری اور مہنگائی کے خلاف عوام کی جنگ لڑ رہی ہے۔
بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔