فرانسیسی سفارتکار کی بے دخلی کا معاملہ قومی اسمبلی میں پیش کریں گے: شیخ رشید

  • اتوار 24 / اکتوبر / 2021
  • 3540

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ معامالت طے پاگئے ہیں۔ حکومت فرانسیسی سفارتکار کی بے دخلی کا معاملہ قومی اسمبلی میں پیش کرے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے مذہبی نور الحق قادری اور میں نے ٹی ایل پی کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ فرانسیسی سفارتکار کی بے دخلی کا معاملہ قومی اسمبلی میں لے کر جائیں گے اور قومی اسمبلی کے اسپیکر سے کمیٹی تشکیل دینے کی درخواست کریں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹی ایل پی کا اعتراض درست تھا کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران سابقہ معاہدے پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی اور شیڈول فور کو بھی دیکھیں گے۔ ٹی ایل پی کے رہنما وزارت داخلہ کا دورہ کریں گے جہاں ان کے ساتھ حتمی مذاکرات ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات کا دورانیہ 8 گھنٹے طویل تھا۔

انہوں نے راولپنڈی اور اسلام آباد انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ کنٹینرز ہٹا دیں جبکہ جی ڈی روڈ کے کنٹینرز کو مت ہٹائیں کیونکہ ٹی ایل پی کے احتجاجی شرکا بدھ تک تحیصل مُرید کے میں موجود رہیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر شارجہ سے وطن واپس آیا جبکہ ٹی ایل پی کارکنوں کے جاں بحق ہونے سے متعلق ہمارے پاس کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔ اگر وہ متعدد ہلاکتوں کا دعویٰ کررہے ہیں تو یہ ان کا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی جماعتوں کے ساتھ ٹکراؤ نہیں ہونا چاہیے، مجھ سمیت وزیر اعظم عمران خان ختم نبوت کے سپاہی ہیں۔ ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کو رہا کرنے کے معاملے پر بھی کام ہورہا ہے، ریاست کا کام صلح کا راستہ اختیار کرنا ہے، شاید مجھ سے پہلے لوگوں کی رائے ایسی نہیں تھی، ریاست کا کام ڈنڈا چلانا نہیں ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ بطور سیاسی ورکر تمام سیاسی جماعتوں بشمول پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہوں اور اگر وقت آیا تو ایسا کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نومبر اور دسمبر میں احتجاج کرکے ایک ٹریلر چلاتی ہے پھر جنوری میں ٹھنڈے ہوجاتے ہیں، حکومت 5 سال پورے کرے گی۔

انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے نئے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کے تقرر سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کا نوٹی فکیشن وزارت دفاع جاری کرے گی۔ ابھی آئی ایس آئی کے ڈی جی جنرل فیض حمید ہیں۔ صحافیوں کی جانب سے مزید سوالات پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ اس معاملے کا تعلق میری وزارت سے نہیں ہے۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری نوٹی فکیشن کے اجرا سے متعلق تفصیل بتا سکتے ہیں۔

اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان اور حکومت کے مابین مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔ احتجاجی شرکا اسلام آباد کی طرف مارچ نہیں کریں گے۔ ٹی ایل پی کے زیر حراست افراد کو چھوڑ دیا جائے گا اور ماضی میں کیے گئے معاہدے کے تحت فرانسیسی سفارت کار کو بے دخل کرنے کا معاملہ قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا تھا کہ ٹی ایل پی کے لوگ منگل دوپہر 12 بجے تک ادھر ہی قیام کریں گے جہاں وہ اس وقت موجود ہیں جبکہ دونوں طرف ٹریفک کھول دی جائے گی۔ پیر کو ٹی ایل پی کا ایک وفد بھی ہماری طرف آئے گا اور ان کے مسائل سے متعلق بات چیت شروع ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئندہ دو تین روز میں ان کے مسائل پر بات ہوگی لیکن مظاہرین اسلام آباد کی طرف مارچ نہیں کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ٹی ایل پی کا مارچ لاہور سے اسلام آباد کی طرف روانہ ہؤا تھا۔