عبدالقدوس بزنجو بلوچستان کے نئے وزیر اعلیٰ کے طور پر نامزد

  • منگل 26 / اکتوبر / 2021
  • 3880

بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے رہنماؤں نے میر عبدالقدوس بزنجو کو بلوچستان اسمبلی میں قائد ایوان اور میر جان محمد خان جمالی کو بلوچستان اسمبلی کا اسپیکر نامزد کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز عبدالقدوس بزنجو نے اسمبلی اجلاس کے بعد گورنر کو اسپیکر اسمبلی کے عہدے سے اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا۔ بی اے پی کے بانی سینیٹر سعید احمد ہاشمی کی رہائش گاہ پر ہونے والے اجلاس میں پارٹی کے قائم مقام صدر میر ظہور احمد بلیدی، عبدالقدوس بزنجو، سردار محمد صالح بھوتانی، جان محمد خان جمالی اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔ انہوں نے اتحادیوں کے تعاون سے نئی حکومت کی تشکیل پر تبادلہ خیال کیا۔

اجلاس میں طویل بات چیت اور مشاورت کے بعد قائد ایوان کے عہدے کے لیے عبدالقدوس بزنجو کے نام پر اتفاق کیا گیا۔ اسپیکر بلوچستان اسمبلی کے عہدے کے لیے جان محمد خان جمالی کے نام کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قائد ایوان اور اسپیکر کے انتخاب کے بعد نئی کابینہ کے لیے ناموں کا فیصلہ اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے کیا جائے گا جو مخلوط حکومت کا حصہ ہوں گی۔

بی اے پی رہنماؤں نے عبدالقدوس بزنجو کی نامزدگی پر پارٹی میں اختلافات کی قیاس آرائیوں کو مسترد کیا ہے۔ ایک سینئر رہنما نے دعویٰ کیا کہ ہم صوبے میں ایک مثالی حکومت بنائیں گے، ہمارے وفود پہلے ہی پی ٹی آئی، اے این پی اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے نمائندوں سے مل چکے ہیں۔ ہم انہیں دعوت دیں گے کہ وہ صوبے میں ایک نئی طرز حکومت متعارف کرانے میں حصہ ڈالیں۔ جو تمام اراکین اسمبلی، صوبے کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرے۔ عوام کی تکالیف اور صحت، تعلیم اور دیگر مسائل کا حل نکالیں گے۔

دریں اثنا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی سردار یار محمد رند کی صدارت میں ہوا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی، قائد ایوان اور اسپیکر کے عہدے کے لیے بھی اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔

اجلاس میں قائد ایوان کی نشست کے لیے یار محمد رند اور اسپیکر کے عہدے کے لیے ڈپٹی اسپیکر سردار بابر خان موسیٰ خیل کے نام کا فیصلہ کیا گیا۔

نعمت اللہ زہری اور میر عمر خان جمالی پر مشتمل دو رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی جو اتحادی جماعتوں سے رابطہ کرے گی۔