ٹی 20ورلڈ کپ : پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 5وکٹوں سے ہرا دیا
- منگل 26 / اکتوبر / 2021
- 4360
پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ مقابلوں میں نیوزی لینڈ کو ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی5 حاصل کی ہے۔ پاکستان کی ٹیم نے یہ میچ پانچ وکٹوں سے جیت لیا۔
حارث رؤف کو 22 رنز دے کر چار وکٹیں لینے پر بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مقابلے میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے نے ٹاس جیت کر کیویز کے خلاف پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
بلیک کیپس کی جانب سے مارٹن گپٹل اور ڈیرل مچل نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلا اوور ہی میڈن کروایا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے پلے آؤٹ ہونے والے بیٹر مارٹن گپٹل تھے جنہوں نے 20گیندوں پر 3چوکوں کی مدد سے 17رنز بنائے اور حارث رؤف کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین مچل تھے جنہوں نے 20 گیندوں پر 27 رنز بنائے۔ جیمی نیشم 2 گیندوں پر ایک سکور بنا کر محمد حفیظ کا نشانہ بن گئے۔
کپتان ولیمسن 25رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیون کونوے27رنز بناکر حارث رؤف کا شکار بنے ، گلین فلپس بھی 13سکور بناکر حارث کا نشانہ بنے،ٹم سیفرٹ 8رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ بیٹر مچل سینٹنر حارث کی گیند پر پویلین لوٹے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 134 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور بابر اعظم نے کیا۔ دونوں نے ابتدائی لمحات میں محتاط انداز میں بیٹنگ کی تاہم 6 ویں اوورز میں کپتان 9 سکور بنا کر ٹم ساؤتھی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ قومی ٹیم کو دوسرا نقصان 47 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب فخر زمان سپنر سوڈھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
محمد حفیظ نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی ، اس دوران انہوں نے 5 گیندوں پر 11 رنز بنائے تھے کہ سپنر سینٹر کی گیند پر کونوے نے ان کا شاندار کیچ لے لیا۔ محمدرضوان 33 گیندوں پر 33 رنز بنا کر سوڈھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو ئے۔ عماد وسیم 10 سکور بناکر ٹرینٹ بولٹ کا شکار ہو گئے۔شعیب ملک اور آصف علی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ ٹارگٹ حاصل کیا۔ شعیب ملک نے27اور آصف علی نے 27رنز کی اننگز کھیلی۔ کیویز کی جانب سے سوڈھی نے 2وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان پلیئنگ الیون میں کپتان بابر اعظم ، محمد رضوان ، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، آصف علی،شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، حارث رؤف اور شاہین آفریدی شامل تھے۔ نیوزی لینڈ پلیئنگ الیون میں کپتان کین ولیمسن ، مارٹن گپٹل ، ڈیرل مچل ، ڈیون کونوے ، گلین فلپس ، جیمی نیشم ، ایش سوڈھی ، مچل سینٹنر ،ٹم سیفرٹ، ٹم ساؤتھی اورٹرینٹ بولٹ شامل تھے۔