امریکی محکمہ خارجہ، پینٹاگون افغانستان سے متعلق معلومات چھپا رہے ہیں

  • ہفتہ 30 / اکتوبر / 2021
  • 2960

امریکی حکومت کے ایک نگران ادارے نے امریکی محکمہ خارجہ اور پینٹاگون پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ افغانستان کی سابق حکومت اور فوج کے خاتمے اور امریکی فوجیوں کے ہنگامی انخلا سے متعلق معلومات فراہم کرنے سے گریزاں ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق محکمہ خارجہ اور پینٹاگون کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کی وجہ سے افغان حکومت گرنے اور امریکی فوجیوں کے انخلا کو سمجھنے میں مددملے گی۔ افغانستان کی تعمیر نو کے لیے خصوصی انسپکٹر جنرل جان سوپکو نے کہا کہ اگست میں جو کچھ ہوا اس کی مکمل تصویر صرف اس صورت میں سامنے آئے گی۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ محکمہ نے انخلا کی کوششوں کے بارے میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ’عوامی ریکارڈ سے شناختی معلومات کو دوبارہ ترتیب دینے اور افغانوں اور افغان شراکت دار تنظیموں کی شناخت کے تحفظ کے لیے کچھ رپورٹس کو عارضی طور پر ہٹانے‘ کی درخواست کی تھی۔ شناخت کرنے والی معلومات ہی وہ تفصیلات ہیں جن کا مقصد تحفظ فراہم کرنا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ایس آئی جی اے آر کے پاس رپورٹس کو بحال کرنے کا اختیار ہے۔ دوسری جانب پینٹاگون نے فوری طور پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا۔

صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے جان سوپکو نے کہا کہ طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد امریکی محکمہ خارجہ نے ان سے کہا کہ وہ امریکا سے وابستہ افغانوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے جاری کردہ بعض رپورٹس تک آن لائن رسائی کو عارضی طور پر معطل کر دیں۔ محکمہ کبھی بھی ان افراد کے لیے کسی خاص خطرے کی وضاحت نہیں کی جو کہ ہماری رپورٹس میں موجود تھے۔