ٹی ایل پی احتجاج کےبارے میں وزیراعظم کی علمائے کرام سے مشاورت

  • ہفتہ 30 / اکتوبر / 2021
  • 3230

 وزیراعظم عمران خان  تحریک لبیک پاکستان کے احتجاج اور دھرنے کے بارے میں  آج علمائے اکرام سے مشاورت کریں گے۔

 ذرائع کے مطابق وزیراعظم آج مختلف مکتبہ فکر کے علمائے اکرام سے ملاقات کریں گے جس میں ملک میں جاری کالعدم جماعت کے مظاہرے اور مطالبات پر بات کی جائے گی ۔  وزیراعظم جید علما کرام کو اہم امور کے بارے اعتماد میں لیں گے، اس کے علاوہ وزیراعظم علمائے کرام کو رحمت اللعالمین اتھارٹی کے بارے میں بھی آگاہ کریں گے۔

عمران خان سے ملاقات کے لیے علما کا وفد بنی گالا پہنچا جہاں علمائے کرام کی وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ کالعدم تنظیم کے حوالے سے وزیرِ اعظم عمران خان نے 25 سے زائد علمائے کرام کے وفد کو آج بلایا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے مدعو کیئے گئے وفد میں بریلوی مکتبۂ فکر کے جید علما شامل ہیں۔ وزیرِ اعظم عمران خان موجودہ صورتِ حال پر علما سے مشاورت کریں گے۔ وہ علما کو حکومتی حکمتِ عملی سے آگاہ بھی کریں گے۔

وزیرِ اعظم عمران خان معاملے کے حل کے لیے علمائے کرام سے تجاویز بھی لیں گے۔ وہ علمائے کرام سے معاملے کے حل کے لیے کردار ادا کرنے کی درخواست بھی کریں گے۔