ٹی20ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو آٹھ وکٹوں سے ہرا دیا

  • اتوار 31 / اکتوبر / 2021
  • 4640

ٹی 20ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو8وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ دوبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں میگا ایونٹ کا 28واں میچ کھیلا گیا جس میں  نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔

بھارت کی ٹیم  نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ20اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 110رنز بنائے۔ رویندرا جدیجا نے سب سے زیادہ 26رنز بنائے جبکہ ہاردیک پانڈیا 23سکور بناکر دوسرے نمایاں بیٹس مین رہے۔ کیویز کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 3 اور ایش سوڈھی نے 2کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے111 رنز کا  ہدف   صرف  2وکٹ کے نقصان پر14اعشاریہ 3اوورز میں  حاصل کرلیا۔ کیویز کی جانب سے پہلے آؤٹ ہونے والے بیٹر مارٹن گپٹل تھے جو کہ 20رنز بناکر بھمراہ کی گیند پر شردل ٹھاکر کو کیچ دے بیٹھے۔ ڈیرل مچل دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین تھے جو 49رنزبناسکے۔ کپتان کین ولیمسن 33سکور بنا کر ناقابل شکست رہے۔

بھارت کی پلیئنگ الیون میں روہت شرما ، کے ایل راہول ،ویرات کوہلی ، ایشان کشن، رشبھ پنت، ہاردیک پانڈیا ، رویندرا جدیجا ، شردل ٹھاکر ، محمد شامی ،جسپریت بھمرا اور ورن چکرورتی شامل تھے۔

نیوزی لینڈ پلئنگ الیون میں مارٹن گپٹل ، ڈیرل مچل ، کین ولیمسن ، ڈیون کونوے ،گلین فلپس ، جیمی نیشم ، مچل سینٹنر،ایڈم مائلن ، ٹم ساؤتھی ،ایش سوڈھی اور ٹرینٹ بولٹ شامل تھے۔