کووڈ 19سے یورپ میں فروری تک مزید پانچ لاکھ ہلاکتوں کا خدشہ

  • جمعہ 05 / نومبر / 2021
  • 4260

عالمی ادارہ صحت نے یورپ میں کورونا وائرس کے متاثرین کی بڑھتی تعداد کے پیشِ نظر خبردار کیا ہے کہ یورپ ایک مرتبہ پھر کورونا وائرس کی وبا کا مرکز بن رہا ہے۔

ایک پریس کانفرنس کے دوران یورپ میں عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ہانس کلوگ نے کہا کہ برِّاعظم میں فروری تک پانچ لاکھ مزید اموات ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناکافی تعداد میں ویکسین لگانے سے یہ صورت پیدا ہورہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی حکمت عملی کو بدلنا ہو گا اور ابتدا میں ہی ایسی صورتحال پیدا ہونے سے روکنا ہو گا۔ حالیہ مہینوں میں یورپ بھر میں ویکسین لگانے کی شرح میں کمی دیکھی گئی ہے۔ اگرچہ سپین میں 80 فیصد تک لوگوں کو دو بار ویسکین لگائی جا چکی ہے مگر یہ تعداد فرانس اور جرمنی میں نسبتاً کم ہے اور بالترتیب 68 اور 66 فیصد رہی۔

اسی طرح وسطی اور مشرقی یورپ کے کچھ ممالک میں یہ تعداد اور بھی کم ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2021 تک روس میں فقط 32 فیصد افراد کو مکمل طور پر ویکسین لگائی گئی تھی۔

ڈبلیو ایچ او کے تکنیکی اُمور کی سربراہ ماریا وین کرکوف کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار ہفتوں کے دوران ’ویکسین اور آلات کی وافر فراہمی‘ کے باوجود یورپ میں متاثرین کی تعداد 55 فیصد بڑھی ہے۔ ان کے ساتھی ڈکٹر مائیک ریان کا کہنا ہے کہ یورپ کی صورتحال دنیا کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔