ڈسکہ الیکشن کی رپورٹ آنے کے بعد وزیراعظم استعفیٰ دیں:شہبازشریف
- اتوار 07 / نومبر / 2021
- 3590
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران نیازی کو قانون، جمہوریت اور سیاسی اخلاقیات کا ذرا بھی احترام ہے تو ڈسکہ الیکشن کے حوالے سے رپورٹ کے آنے کے بعد استعفی دیں اور قانون کا سامنا کریں۔
ڈسکہ الیکشن کی رپورٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کے سرمائے کی طرح لوگوں کے ووٹ اور اپنے نمائندے منتخب کرنے کا اختیار بھی لوٹنے اور چھننے کی کوشش ہو رہی ہے۔ ڈسکہ رپورٹ آگئی ہے اور ووٹ چوری ثابت ہوچکی ہے، عمران نیازی بتائیں اب کس چیز کا انتظار ہے، اب کارروائی کی جائے۔
عمران نیازی کو قانون، جمہوریت اور سیاسی اخلاقیات کا ذرا بھی احترام ہے تو اس رپورٹ کے آنے کے بعد استعفی دیں اور قانون کا سامنا کریں۔ نواز شریف کی طرح وزیراعظم ہو کر قانون کا سامنا کرنے اور پیشیاں بھگتنے کے لئے بڑا دل گردہ چاہئے۔ اگر عمران نیازی طاقتور ہیں تو خود کو قانون کے نیچے لائیں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ڈسکہ میں ووٹ چوری پکڑے جانے کے بعد عمران خان نیازی کو سیاہ انتخابی اصلاحات اور الیکڑانک ووٹنگ مشین کی ضرورت پڑی لیکن ہم انتخابی اصلاحات، الیکڑانک ووٹنگ مشین اور نیب ترمیمی آرڈیننس کے ذریعے پاکستان، عوام اور آئین کے خلاف سازش کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔ سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر عوام کو غلام بنانے کا موجودہ حکومت کا سیاہ منصوبہ ناکام بنائیں گے۔ یہ بھیانک سازش بھی اس سیاہ مزاج حکومت اور اس کے سیاہ ناموں کے ساتھ ہی تاریخ میں دفن ہوگی۔
اس دوران مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین وفاق اور صوبے کے تمام اداروں کو پابند کرتا ہے کہ وہ انتخابات کو شفاف اور غیر جانبدار کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کی مدد کریں۔ ڈسکا ضمنی انتخاب انکوائری رپورٹ کے مطابق ووٹ چوری کرنے کے لیے پوری سازش تیار کی گئی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ کے گھر میں ایک اجلاس ہوا جس میں پی ٹی آئی کے رہنما شریک تھے اور ضمنی انتخاب میں ووٹ چوری کرنے کے طریقہ کار کو واضح کیا گیا۔ ڈسکہ ضمنی انتخاب انکوائری رپورٹ سے مختلف اقتباسات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پولیس انتخابی عملے کی حفاظت نہیں بلکہ اغوا کررہے تھی۔ ہمارے ملک کے صوبہ پنجاب میں الیکشن کی یہ صورتحال ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، محکمہ تعلیم انتخابی کرپشن کا حصہ بنے لیکن کیا یہ بات ادھر ہی ختم ہوتی ہے۔ اور بات دراصل وزیر اعظم عمران خان اور وزیرا علیٰ پنجاب عثمان بزدار تک جاتی ہے، انہیں جواب دینا ہوگا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ الیکشن کمیشن 133 صفحات پر مشتمل ڈسکہ ضمنی انتخاب کی انکوائری رپورٹ کو عوام کے سامنے پیش کرے گا تاکہ عوام دیکھ سکیں کہ ملکی انتخابات میں ہوتا کیا ہے۔