ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو ہرا دیا، سیمی فائینل میں آسٹریلیا سے مقابلہ ہوگا
- اتوار 07 / نومبر / 2021
- 5090
پاکستان نے ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ ٹو میں اپنے آخری میچ میں اسکاٹ لینڈ کو باآسانی 72رنز سے شکست دے دی۔ اس مقابلے میں شعیب ملک نے جارحانہ بیٹنگ سے پاکستان کو لگاتار پانچویں فتح سے ہمکنار کیا۔
دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر اسکاٹ لینڈ کو پہلے باؤلنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کے اوپنرز بابراعظم اور محمد رضوان نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور اسکاٹ لینڈ کے باؤلرز نے بھی نپی تلی باؤلنگ کی۔ دونوں کھلاڑیوں نے اسکور کو 35 تک پہنچایا لیکن اسی مرحلے پر رضوان کو کیچ آؤٹ ہوگئے۔
فخر زمان بھی بڑی اننگز نہ کھیل پائے اور صرف 8 رنز بنا کر حمزہ طاہر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ بابراعطم نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ میں اپنی چوتھی نصف سنچری مکمل کی اور حفیظ کے ساتھ 53 رنز کی شراکت قائم کی۔ حفیظ 18 گیندوں پر 31 رنز بنانے کے بعد ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
بابر اعظم نے 47 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 66 رنز بنائے۔ بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد شعیب ملک نے جارحانہ انداز اپنایا اور شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 18 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ شعیب ملک نے 6 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔ اسکاٹ لینڈ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ابتدائی اوورز میں اسکاٹش اوپنرز نے محتاط انداز اپنایا اور پانچ اوورز تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔ 23 کے مجموعی اسکور پر حسن علی نے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی اور کائل کوئٹزر کوآؤٹ کردیا۔ انہوں نے 9رنز بنائے۔
پاکستان کو دوسری کامیابی کے لیے بھی زیادہ دیر انتظار نہ کرنا پڑا اور میتھیو کراس رن آؤٹ ہوئے تو اسکاٹ لینڈ کی ٹیم 36رنز پر دو وکٹیں گنوا چکی تھی۔ شاداب خان نے جیارج مُنسے اور ڈائلن بج کو آؤٹ کرکے پاکستان کو یکے بعد دیگرے کامیابیاں دلائیں۔
اکتالیس رنز پر چار وکٹین گرنے کے بعد مائیکل لیسک اور رچی بیرنگٹن وکٹ پر یکجا ہوئے اور 46 رنز کی شراکت قائم کی لیکن شاہین آفریدی نے 14 رنز پر لیسک کی وکٹ لے لی۔ اس طرح پاکستان کو پانچویں کامیابی ملی۔ رچی بیرنگٹن نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے کرس گریوز کے ساتھ مل کر 27رنز کی شراکت قائم کی لیکن حارث رؤف نے گریوز کو آؤٹ کردیا۔
اسکاٹ لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 117 رنز بنا سکی۔ بیرنگٹن نے 37 گیندوں پر ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے آؤٹ ہوئے بغیر 54 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان نے میچ میں 72 رنز کے بڑے مارجن سے فتح حاصل کر کے لگاتار پانچویں فتح حاصل کر لی اور گروپ مرحلے کا اختتام ناقابل شکست رہتے ہوئے سرفہرست ٹیم کی حیثیت سے کیا۔ شعیب ملک کو ان کی جارحانہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
سیمی فائنل میں 11 نومبر کو پاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا جبکہ پہلا سیمی فائنل انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
پاکستان نے آئی سی سی کے ورلڈ کپ تاریخ میں پہلی مرتبہ گروپ میچوں میں ناقابل شکست رہتے ہوئے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔