ٹی وی چینلز کو رات 9 بجے کے خبرنامے سے قبل پاکستان کا سیاسی نقشہ دکھانے کی ہدایت
- سوموار 08 / نومبر / 2021
- 4840
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے تمام سرکاری اور نجی ٹی وی چینلز کو ہدایت کی ہے کہ وہ رات 9 بجے کا خبرنامہ نشر کرنے سے قبل پاکستان کا سیاسی نقشہ دکھائیں۔
گزشتہ روز پیمرا کے 3 نومبر کو جاری ہونے والی ہدایت سامنے آئی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ تمام نیوز چینلز کو باقاعدگی سے رات 9 بجے کا خبرنامہ نشر کرنے سے قبل دو سیکنڈ کے لیے پاکستان کا سیاسی نقشہ دکھانا ہوگا۔ تمام سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کے لائسنس ہولڈرز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ان سفارشات پر عمل کریں۔
پیمرا کا کہنا ہے کہ اس نے ٹی وی چینلز کو یہ ہدایات وزارت اطلاعات و نشریات کے 16 ستمبر کے خط کی بنیاد پر جاری کی ہیں۔ رابطہ کرنے پر وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت، پیمرا آرڈیننس 2002 کے سیکشن 5 کے تحت ایسا کر سکتی ہے۔ آرڈیننس کے سیکشن 5 میں لکھا گیا ہے کہ وفاقی حکومت جب بھی ضروری سمجھے، اتھارٹی (پیمرا) کو پالیسی کے معاملات پر ہدایت جاری کر سکتی ہے اور ایسی ہدایات پر عمل اتھارٹی پر لازم ہو گا اور اگر کوئی سوال پیدا ہو کہ معاملہ پالیسی کا ہے یا نہیں تو وفاقی حکومت کا فیصلہ حتمی ہوگا۔
پی ٹی آئی حکومت نے گزشتہ سال 4 اگست کو ملک کے نئے سیاسی نقشے کی رونمائی کی تھی جس میں بنیادی طور پر کشمیر اور سرکریک کے تنازع پر اپنے دیرینہ مؤقف پر زور دیا گیا تھا۔ وزیر اعظم عمران خان نے ایک تقریب میں نقشہ متعارف کرواتے ہوئے کہا تھا کہ نقشہ قومی امنگوں کی عکاسی کرتا ہے اور تنازع کشمیر پر اصولی مؤقف کی حمایت کرتا ہے۔
نیا نقشہ پاکستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے الحاق کی پہلی برسی منانے سے ایک روز قبل منظر عام پر لایا گیا تھا۔ خیال رہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو اپنے آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو منسوخ کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے کو ضم کر لیا تھا۔ آرٹیکل 370 اور 35 اے میں مقبوضہ کشمیر کو خصوصی حیثیت اور کشمیریوں کو حقوق اور مراعات دی گئی تھیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد اب یہ سرکاری نقشہ ہوگا اور اسکولوں اور کالجوں میں استعمال ہونے والا نقشہ ہوگا۔ نقشے میں واضح طور پر مقبوضہ کشمیر کی ایک متنازع علاقہ کے طور پر نشاندہی کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ حتمی حیثیت کا فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کیا جائے گا۔