گھریلو صارفین کو دن میں تین بار گیس فراہم کرنے کا منصوبہ
- جمعہ 12 / نومبر / 2021
- 3820
حکومت ملک میں گیس کی قلت کو کم کرنے کے لیے دسمبر سے مارچ کے دوران رہائشی سیکٹر کو دن میں صرف تین بار گیس فراہم کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے۔
یہ تجویز 22-2021 کے موسم سرما کے لیے گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کا حصہ ہے جو وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے توانائی کو پیش کیا گیا۔ اجلاس کو وزارت توانائی نے بتایا کہ رہائشی شعبے کو گیس صرف کھانا پکانے کے لیے دن میں تین بار فراہم کی جائے گی۔
آنے والے مہینوں، بالخصوص جنوری، فروری اور مارچ میں ایل این جی کی کم دستیابی کی اطلاع دی گئی ہے۔ تاہم پیٹرولیم ڈویژن نے طلب کے مقابلے میں نسبتاً کم شارٹ فال ظاہر کیا اور کہا کہ دسمبر میں کُل شارٹ فال تقریباً 22 ایم ایم سی ایف ڈی ہوگا، جو جنوری میں بڑھ کر 137 ایم ایم سی ایف ڈی ہو جائے گا اور پھر فروری اور مارچ میں دوبارہ کم ہو کر 75 ایم ایم سی ایف ڈی ہو جائے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ قومی پائپ لائن نیٹ ورک سے باہر بجلی اور کھاد کے شعبوں کے لیے وقف صارفین کو گیس کی فراہمی کسی غیر متوقع صورت حال کے بغیر مستحکم رہنے کی توقع ہے۔ اس کیٹیگری میں طلب و رسد میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی اور یہ ایک ہزار 61 اور ایک ہزار 200 ایم ایم سی ایف ڈی کے درمیان رہے گی۔
گیس کے تحفظ اور پانی اور جگہ کو گرم کرنے کے لیے سستی ترغیبی بجلی کے فروغ کے لیے گیس کمپنیوں اور حکومت کی جانب سے وسیع میڈیا مہم چلائی جائے گی۔
بعد میں سی سی او ای نے پیٹرولیم ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ اگلے اجلاس میں 22-2021 کے موسم سرما کے لیے گیس لوڈ مینجمنٹ پلان تیار کرنے کے لیے مختلف پالیسی آپشنز کا تفصیلی تجزیہ پیش کرے۔ سی سی او ای نے اوگرا کو ہدایت کی کہ وہ لائسنس یافتہ افراد کے غیر قانونی منافع اور دھوکہ دہی کی سرگرمیوں کے خلاف اضافی اقدامات پر غور کرے۔