یورپ میں ایک ہفتے کے دوران کورونا وائرس کے 20 لاکھ سے زائد کیسز
- ہفتہ 13 / نومبر / 2021
- 4410
عالمی ادارہٴ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس کا کہنا ہے کہ یورپ اب بھی کورونا وائرس کا گڑھ ہے جہاں گزشتہ ہفتے وبا کے 20 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو کہ وبا کے آغاز کے بعد خطے میں سب سے زیادہ کیسز ہیں۔
جینیوا میں جمعے کو بریفنگ کے دوران ٹیڈروس کا کہنا تھا کہ کورونا مشرقی یورپ کے ان ممالک میں پھیل رہا ہے جہاں کورونا ویکسین لگانے کی تعداد کم ہے۔ یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ویکسین کی بدولت اسپتالوں میں داخلے کی شرح کم، شدید بیماری سے بچاؤ اور اموات سے بچا جا سکتا ہے۔ تاہم یہ چیزیں احتیاطی تدابیر کا متبادل نہیں ہو سکتی۔
ٹیڈروس کا کہنا تھا کہ ویکسین کورونا وائرس کی منتقلی کم کرتی ہے تاہم ویکسین مکمل طور پر نہیں بچاتی۔ ویکسین کی غیر مساوی تقسیم، امیر ممالک کو ترجیح دینے اور غریب ملکوں کو نظر انداز کرنے کے پر ایک بار پھر ٹیڈروس نے بات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر روز کم آمدنی والے ملکوں میں لگائی جانے والی کورونا ویکسین کی پہلی خوراک کی نسبت دنیا بھر میں چھ گنا زیادہ بوسٹر شاٹس لگ رہے ہیں۔ انہوں نے ویکسین کی وافر مقدار رکھنے والے ممالک سے کوویکس کے ذریعے ویکسین ترقی پذیر ممالک کو عطیہ کرنے کی اپیل کی۔
ان کا کہنا تھا کہ کوویکس تب کام کرے گا جب اسے موقع دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب تک 144 ممالک اور علاقوں کو 50 کروڑ ویکسین کی خوراکیں فراہم کی گئی ہیں۔ ٹیڈروس کے بقول بیشتر ممالک ویکسین کی اپنے شہریوں کو فراہمی کے لیے تیار ہیں البتہ ان ممالک کو ویکسین کی خوراکیں درکار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صرف دو ممالک ایسے ہیں جنہوں نے ویکسین لگانا شروع نہیں کی۔ وہ اریٹیریا اور شمالی کوریا ہیں۔ عالمی ادارہٴ صحت نے دنیا کے ہر ملک میں 40 فی صد آبادی کو رواں سال کے اختتام تک ویکسین لگانے کا ہدف طے کیا تھا۔