آسٹریلیا نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیت لیا

  • اتوار 14 / نومبر / 2021
  • 3570

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

آسٹریلوی ٹیم نے نیوزی لینڈ کی جانب سے 173 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں پورا کر لیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے اوپنر ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے شان دار نصف سینچریاں اسکور کیں۔ مچل مارش نے 50 گیندوں پر 77 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا جب کہ ڈیوڈ وارنر نے 38 گیندوں پر 53 رنز بنائے۔

اننگز کے 13 ویں اوور میں نیوزی لینڈ کے کپتان ٹرینٹ بولٹ کو واپس لائے جنہوں نے اوور کی دوسری گیند پر ڈیوڈ وارنر کو بولڈ کر کے نیوزی لینڈ کے لیے اُمید کی کرن پیدا کی۔ لیکن دوسرے اینڈ پر مچل مارش نے جارحانہ بلے بازی جاری رکھی اور ایش سودھی کے اوور میں 16 رنز حاصل کر کے آسٹریلیا کو ہدف کے مزید قریب پہنچا دیا۔

اس سے قبل آسٹریلوی کپتان ایرن فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کا آغاز اچھا تھا، لیکن پاوور پلے میں آسٹریلوی بالرز نے نپی تلی بالنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے سے روکے رکھا۔ نیوزی لینڈ پاوور پلے کے چھ اوورز میں صرف 32 رنز اسکور کر سکی، تاہم نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے اننگز کو آگے بڑھایا اور 32 گیندوں پر نصف سینچری مکمل کی۔

کین ولیمسن نے 48 گیندوں پر 85 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں تین چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔ وہ جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کے اوپنر مارٹن گپٹل نے 35 گیندوں پر 28 رنز بنائے جو 12 ویں اوور میں ایڈم زمپا کی گیند پر مارکوس سٹوائنز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے اسٹرائیک بالر مچل اسٹارک مہنگے ثابت ہوئے۔ اُنہوں نے اپنے چار اوورز میں 60 رنز دیے جب کہ کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ آسٹریلیا نے اپنی سیمی فائنل والی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی تھی جب کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ٹم سیفرٹ کو شامل کیا گیا۔

آسٹریلیا نے سیمی فائنل میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد جب کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے انگلینڈ کو شکست دی تھی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچی تھی، لیکن وہ ٹائٹل کے حصول میں ناکام رہی۔

آسٹریلیا کی ٹیم میں کپتان ایرن فنچ، ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، اسٹیو اسمتھ، گلین میکسویل، مارکوس سٹوائنز، میتھیو ویڈ، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، ایڈم زمپا اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم میں مارٹن گپٹل، ڈیرل مچل، کین ولیمسن، گلین فلپس، ٹم سیفرٹ، جیمز نیشم، مچل سینٹنر، ایڈم ملن، ٹم ساؤتھی، ایش سودھی اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔