چمپیئنز ٹرافی 2025 پاکستان میں ہوگی: آئی سی سی
- منگل 16 / نومبر / 2021
- 4820
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 2024 سے 2031 تک بڑے ایونٹس کے میزبان ممالک کا اعلان کیا ہے۔ اس کے مطابق 2025 میں چمپیئنز ٹرافی پاکستان میں ہوگی۔
یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں 1996 کے بعد آئی سی سی کا بڑا ایونٹ ہوگا۔ ورلڈ کپ 1996 کی میزبانی پاکستان کے ساتھ بھارت اور سری لنکا نے مشترکہ طور پر کی تھی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا نے ٹوئٹر پر کہا کہ یہ فخر اور خوشی کی بات ہے کہ پاکستان آئی سی سی چمپیئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کرے گا’۔
انہوں نے کہا کہ یہ خبر لاکھوں پاکستانی شائقین، بیرون ملک اور دنیا بھر میں موجود شائقین کے لیے خوشی کا باعث ہوگی کہ عظیم ٹیمیں اور کھلاڑی ایکشن میں ہوں گے اور ہم دنیا کو باور کروائیں گے کہ ہم کتنے عظیم میزبان ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کو اُس وقت بڑا دھچکا لگا تھا جب رواں سال 18 ستمبر کو نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ منسوخ کردیا تھا۔
اس دوران البتہ آسٹریلیا اور انگلینڈ نے تصدیق کی ہے کہ ان کی کرکٹ ٹیمیں 2022 میں پاکستان کا دورہ کریں گی۔ کرکٹ آسٹریلیا نے مارچ 2022 میں پاکستان کے دورے کا اعلان کیا تھا جو 24 برس بعد آسٹریلیا کی ٹیم کا پہلا دورہ ہوگا۔ انگلینڈ کی ٹیم کا ستمبر/اکتوبر 2022 میں پاکستان کا دورہ شیڈول ہے۔
آئی سی سی نے بتایا ہے کہ جون 2024 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی ویسٹ انڈیز کے ساتھ امریکا کو دی گئی ہے جہاں 2010 میں بھی ٹورنامنٹ کھیلا گیا تھا۔ بھارت اور سری لنکا 2026 میں ٹی20 ورلڈ کپ کی میزبانی کریں گے، جس کے بعد 2027 میں آئی سی سی کا ایک اور ایونٹ ہوگا۔
نمیبیا پہلی مرتبہ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا تاہم اس کے ساتھ زمبابوے اور جنوبی افریقہ مشترکہ میزبان ہوں گے۔ ورلڈ کپ 2027 اکتوبر اور نومبر میں کھیلا جائے گا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ 2028 آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا اور ایک سال بعد بھارت چمپیئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا۔ آئی سی سی کے مطابق ٹی20 ورلڈ کپ 2030 انگلینڈ، آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ میں مشترکہ طور پر ہوگا۔ اس سے قبل آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کو 1999 ورلڈ کپ میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔
آئی سی سی کے شیڈول کا آخری ایونٹ اکتوبر اور نومبر 2031 میں ورلڈ کپ ہے جو بھارت اور بنگلہ دیش میں کھیلا جائے گا۔