برطانیہ اور پاکستان نے غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کے معاہدے کو حتمی شکل دے دی
- ہفتہ 20 / نومبر / 2021
- 3890
وفاقی حکومت نے برطانیہ کے ساتھ غیر قانونی ہجرت سے نمٹنے کے لیے ایک معاہدے کو حتمی شکل دی ہے۔ اس کے تحت برطانیہ میں غیر قانونی طور سے مقیم پاکستانیوں کو واپس بھیجا جاسکے گا۔
حکومت کا خیال ہے کہ اس معاہدہ ے مؤثر ہونے پرسابق وزیر اعظم نواز شریف کو بھی برطانیہ میں غیر قانونی طور پر قیام کی وجہ سے وطن واپس لایا جاسکتا ہے۔ اگست کے شروع میں ملک کے محکمہ داخلہ کی جانب سے طبی بنیادوں پر برطانیہ میں اپنے قیام کو مزید بڑھانے سے انکار کے بعد نواز شریف نے برطانوی امیگریشن ٹریبونل میں اپیل دائر کی تھی
میتھیو رائکرافٹ اور وزیر اعظم کے مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے برطانیہ پاکستان ریڈمشنز معاہدے پر مذاکرات کو حتمی شکل دی، جس سے ایسے غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کو یقینی بنایا جائے گا جن کے ملک میں رہنے کی کوئی قانونی بنیاد نہیں ہے۔
اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں فیصلے سے متعلق کہا گیا کہ یہ معاہدہ پاکستان کی وفاقی کابینہ کو آنے والے ہفتوں میں پیش کیا جائے گا جس پر کابینہ کی منظوری سے رواں سال کے آخر تک عملدرآمد کیا جائے گا۔ معاہدہ برطانوی اور پاکستانی حکام میں مجرمانہ ریکارڈ پر تعاون کرنے کے قابل بنائے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان قانون نافذ کرنے کے لیے مؤثر تعاون ہوسکے۔
اپنے دورے کے دوران میتھیو رائکرافٹ نے برطانوی ہوم آفس کے نئے امیگریشن سسٹم کے بارے میں بھی بات کی جو برطانیہ کا سفر کرنے کے خواہشمندوں کے لیے برابری کے مواقع فراہم کرے گا۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر نے بتایا ہے کہ معاہدے کو حتمی شکل دینے میں دونوں ممالک کے درمیان بین الوزارتی ملاقاتوں میں ڈیڑھ سال کا عرصہ لگا۔ اس سے قبل برطانوی حکومت، پاکستان واپس بھیجے جانے والے لوگوں کا ڈیٹا اور دیگر ریکارڈ فراہم نہیں کرتی تھی۔
انہوں نے جنسی جرائم کے الزام میں گرفتار اور پاکستان بےدخل کیے گئے لوگوں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کے جرائم کا ڈیٹا اور دیگر اہم معلومات پاکستانی حکام کے ساتھ شیئر کی جا رہی ہیں۔ نئے معاہدے کے تحت جن لوگوں کے ویزوں کی میعاد ختم ہو چکی ہے، جنہوں نے غیر قانونی طور پر قیام کیا تھا اور جن پر جنسی مجرموں کے طور پر کچھ کا ذکر کیا گیا تھا، انہیں پاکستان واپس بھیج دیا جائے گا اور ان کی تفصیلات شیئر کی جائیں گی۔