امریکا کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم کرنے کیلئے پرعزم ہیں: وزیرخارجہ
- سوموار 22 / نومبر / 2021
- 3660
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات مستحکم کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعمیری روابط سے خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امریکا کی کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین گریگوری میکس اور ذیلی کمیٹی برائے ایشیا کے چیئرمین مین ایمی بیرا نے وزریرخارجہ شاہ محمود قریشی سے دفترخارجہ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاک امریکا دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے امریکی کانگریس کے وفد کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ہم امریکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں اور باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان تعمیری روابط سے خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کو فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی امریکا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی آگاہ کیا۔ دونوں اراکین کانگریس نے پاکستان کی 22 کروڑ آبادی پر مشتمل مارکیٹ کا سائز اور صلاحیت کا اعتراف کیا اور کہا کہ امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری پر دلچسپی رکھتی ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور امریکا کے مابین پارلیمانی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے پارلیمانی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات کے دوران خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں ممکنہ انسانی بحران سے نمٹنے کے لیےعالمی سطح پر منظم کوششوں اشد ضرورت ہے۔