پاکستان میں ہیلتھ ورکرز اور 50 برس سے زائد عمر کے افراد کو کورونا بوسٹر شاٹس لگانے کا فیصلہ
- بدھ 01 / دسمبر / 2021
- 3650
پاکستان کی حکومت نے کورونا وائرس کی نئی قسم اومکرون کے پیشِ نظر ہیلتھ ورکرز اور 50 برس سے زائد عمر کے افراد کو کرونا ویکسین کے بوسٹر شاٹس لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایسے افراد کو بھی بوسٹر شاٹس لگائے جائیں گے جن کی مختلف بیماریوں کے باعث قوتِ مدافعت کم ہے۔ بدھ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بوسٹر ڈوز مفت اور کورونا کی پہلی دو خوراکوں کے چھ ماہ بعد لگائی جائے گی۔
خیال رہے کہ حال ہی میں جنوبی افریقہ میں سامنے آنے والی کرونا وائرس کی نئی قسم 'اومکرون' نے دنیا میں ہلچل مچا دی ہے اور کئی ممالک اس ویریئنٹ سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں۔ پاکستانی اخبار 'ڈان' کے مطابق این سی او سی کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہی ہے، لہٰذا اس سے نمٹنے کے لیے اقدامات ضروری ہیں۔
ادھر پاکستان کے صوبہ سندھ نے وائرس کی نئی قسم کا پھیلاؤ روکنے کے لیے نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ نئی پابندیوں کے تحت کراچی، سکھر اور سانگھڑ میں صرف ویکسی نیٹڈ افراد کو ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرگرمیوں میں شرکت کی اجازت ہو گی۔ ان ڈور 500 جب کہ آؤٹ ڈور ایک ہزار افراد کو جمع ہونے کی اجازت ہو گی۔
کاروباری مراکز رات دس بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہو گی جب کہ ضروری اشیا کی دکانیں 24 گھنٹے کھلی رکھی جا سکیں گی۔ تمام صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ویکسی نیشن کے حوالے سے زیرو ٹالیرنس پالیسی اپنائی جائے اور ایسے افراد کو موقع پر ویکسین لگائی جائے جو ویکیسن لگوانے سے گریزاں ہیں۔
اس مقصد کے لیے ویکسی نیشن ٹیمیں عوامی مقامات پر تعینات کی جائیں گی۔ این سی او سی نے ملک بھر میں 40 ویکسی نیشن کال سینٹرز بھی قائم کر دیے ہیں تاکہ ویکسین کی دوسری ڈوز نہ لگوانے والے افراد کے علاوہ دور اُفتادہ علاقوں میں لوگوں سے رابطے کیے جائیں۔
این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں بدھ تک 12 کروڑ 30 لاکھ 32 ہزار 63 ویکسین لگائی جا چکی ہے جن میں سے آٹھ کروڑ سے زائد افراد کو پہلی ڈوز جب کہ پانچ کروڑ کے لگ بھگ شہریوں کو ویکسین کی دونوں ڈوزز لگ چکی ہیں۔ ملک میں اب تک 12 لاکھ 85 ہزار 254 افراد میں وائرس کی تصدیق جب کہ 28 ہزار 737 اموات ہو چکی ہیں۔
پاکستان میں کرونا مثبت کیسز کی شرح ایک فی صد سے بھی کم ہو چکی ہے۔